کراچی: ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق
کراچی کے علاقے کلفٹن میں تیز رفتار کار حادثت کا شکار ہوگئی جس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پ) کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے صاحبزادے جاں بحق ہوگئے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق حادثہ گزشتہ رات پیش آیا، کلفٹن دو تلوار انڈر پاس میں ٹریفک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق حادثے میں رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے صاحبزادے شاہ زیب نقوی جاں بحق ہوگئے، حادثے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، مبینہ طور پر حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
رکن قومی اسمبلی رعنا انصار قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ان دنوں اسلام آباد میں موجود تھیں جہاں انہیں واقعے کی اطلاع دی گئی جس کے بعد وہ اسلام آباد سے کراچی اپنے گھر پہنچ گئیں۔
ان کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما انیس قائم خانی، فیصل سبزواری سمیت دیگر رہنما بھی اظہار تعزیت کے لیے رعنا انصار کے گھر پہنچ گئے۔
بعد ازاں رعنا انصار کے بیٹے کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ گلستان جوہر میں ان کی رہائش گاہ کے قریب واقع مسجد میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی، سینئر رہنما انیس قائم خانی، رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی اور دیگر عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
صدر مملکت، وزیر اعظم سمیت دیگر رہنماؤں کا اظہار تعزیت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے رکن قومی اسمبلی بیگم رعنا انصار کے جوان سالہ بیٹے کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
ان کے علاوہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی رعنا انصار کے بیٹے کی کار حادثے میں وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور اہلِخانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری تعزیتی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ جواں سالہ بیٹے کی وفات پر رعنا انصار اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور واقعے میں زخمی ہونے والے نوجوان کو جلد صحت یاب کرے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ، گورنر پنجاب، گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر اعلیٰ پنجاب، شرجیل انعام میمن سمیت دیگر نے رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اپنے تعزیتی پیغام میں ان رہنماؤں نے رعنا انصار اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ رعنا انصار کے بیٹے کے انتقال کا سن کر انتہائی افسوس ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ جواں سالہ بیٹے کے بچھڑ جانے کا غم ناقابل برداشت ہے، اللّٰہ تعالیٰ رعنا انصار اور ان کے اہل خانہ کو اس مشکل وقت میں صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ ڈپٹی اسپیکر نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔