• KHI: Fajr 5:18am Sunrise 6:34am
  • LHR: Fajr 4:50am Sunrise 6:12am
  • ISB: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • KHI: Fajr 5:18am Sunrise 6:34am
  • LHR: Fajr 4:50am Sunrise 6:12am
  • ISB: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am

واشنگٹن: پاکستانی وفد کی آئی ایم ایف کو ٹیکس اور توانائی کے شعبوں میں اصلاحات پر بریفنگ

شائع October 22, 2024
واشنگٹن: پاکستانی وفد آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرکینجی اوکامورا سے ملاقات کررہا ہے— فوٹو: ایکس پوسٹ وزارت خزانہ
واشنگٹن: پاکستانی وفد آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرکینجی اوکامورا سے ملاقات کررہا ہے— فوٹو: ایکس پوسٹ وزارت خزانہ

پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو محصولات اور توانائی کے شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے مالیاتی وسائل میں اضافے کی کوششوں سے آگاہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق منگل کو پاکستانی وفد نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کینجی اوکامورا سے ملاقات کی ہے۔

وفد نے آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کو ٹیکس بیس میں اضافے، صوبوں کے زرعی انکم ٹیکس کی وفاقی انکم ٹیکس کی طرز پر تنظیم نو، سبسڈیز میں توازن اور توانائی کی پیدواری قیمتوں میں کمی کے ذریعے مالیاتی وسائل میں اضافے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کو بیرونی شعبے کی پالیسیوں کے علاوہ نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور محتاط مانیٹری پالیسی پر عملدرآمد کے قدامات سے بھی آگاہ کیا جبکہ آئی ایم ایف کی توسیعی فنڈ سہولت کے تحت اصلاحات پر تیزترین عملدرآمد پر بھی زور دیا ۔

واضح رہے کہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اکنامک افیئرز، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر سینئر حکام پر مشتمل وفد آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن میں موجود ہے۔

امکان ہے کہ ایک ہفتے طویل دورے کے دوران پاکستانی وفد آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اعلیٰ سطح کے حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ امریکی محکمہ خزانہ کے سینئر حکام سمیت چین، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر دوست ممالک کے ہم منصب وفود سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی وفد کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کا سالانہ اجلاس 21اکتوبر سے 26 اکتوبر تک واشنگٹن میں منعقد ہوگا۔

حال ہی میں پاکستان کی مشکلات سے دوچار معیشت کی بحالی کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے منظور کردہ 7 ارب ڈالر کے قرض کے پیش نظر رواں سال آئی ایم ایف اور عالمی بینک کا سالانہ اجلاس پاکستان کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی وفد نے گزشتہ روز آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا جہاد ازعور سے واشنگٹن میں ملاقات کی تھی اور 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ کی سہولت کی منظوری پر آئی ایم ایف سے اظہار تشکر کیاتھا۔

وفد نے آئی ایم ایف کے ریجینل ڈائریکٹر کو حکومت کی مالیاتی استحکام اور محصولات میں اضافے کی کوششوں سے آگاہ کیا، پاکستانی وفد نے توانائی اور سرکاری اداروں کی اصلاحات پر بات کی، آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا نے فنڈ پروگرام کے کامیاب آغاز پر پاکستان کو مبارکباد دی تھی۔

پاکستانی وفد نے پیر کو امریکا میں الواریز اینڈ مارسل کے وفد سے بھی ملاقات کی تھی، ملاقات میں سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد شامل تھے، الواریز اینڈ مارسل کے وفد کی قیادت ڈاکٹر رضا باقر نے کی، ملاقات بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک رسائی پر تبادلہ خیال اور بیرونی قرض دہندگان تک رسائی بحال کرنے کے طریقوں پر غور کیا گیا تھا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 اکتوبر 2024
کارٹون : 22 اکتوبر 2024