• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں 807 پوائنٹس کی زبردست تیزی

شائع October 21, 2024
— فائل فوٹو: کینوا
— فائل فوٹو: کینوا

سینیٹ اور قومی اسمبلی سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان رہا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 807 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے ایس ای-100 انڈیکس 807 پوائنٹس یا 0.95 فیصد بڑھ کر 86 ہزار 57 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 85 ہزار 250 پر بند ہوا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو افسر محمد سہیل نے بتایا کہ 26 ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد سیاسی بے یقینی میں کمی ہوگئی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں اضافہ ہوا۔

چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق کا کہنا تھا کہ شرکا کو امید ہے کہ سیاسی بے یقینی کم ہو گی اور معاشی استحکام جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ سینیٹ کے بعد 26ویں آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی سے بھی 2 تہائی اکثریت کے ساتھ منظور ہو گیا۔

اتوار کی شام 6 بجے طلب کیا گیا قومی اسمبلی کا اجلاس کئی گھنٹے تاخیر کے بعد رات ساڑھے 11بجے اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا جسے تقریباً رات 11 بج کر 58 منٹ پر ملتوی کر دیا گیا، اس کے بعد اجلاس کا دوبارہ آغاز 12 بج کر 5 منٹ پر ہوا اور یہ پیر کی صبح سوا 5 بجے تک جاری رہا تھا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ترمیم پیش کرنے کی تحریک پیش کی، تحریک کی منظوری کے لیے 225 اراکین اسمبلی نے ووٹ دیے تھے جبکہ 12 ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

یاد رہے کہ 16 اکتوبر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 365 پوائنٹس اضافے کے بعد 86 ہزار 205 کی بُلند سطح پر پہنچ گیا تھا۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بتایا تھا کہ پاکستان میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس اور چینی وزیر اعظم کے دورے سے اضافی فنانسنگ کے وعدوں پر سرمایہ کار بہتری کے حوالے سے پر امید ہیں۔

9 اکتوبر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 627 پوائنٹس تیزی کے بعد 86 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح عبور کر گیا تھا، تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان برقرار نہیں رہا تھا اور انڈیکس 5 پوائنٹس بڑھ کر 85 ہزار 669 پر بند ہوا تھا۔

8 اکتوبر کو بھی زبردست تیزی کا رجحان رہا تھا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 753 پوائنٹس اضافے کے بعد 85 ہزار 663 پوائنٹس کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

7 اکتوبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس 1378 پوائنٹس یا 1.65 فیصد اضافے کے ساتھ 84 ہزار 910 پر بند ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024