• KHI: Fajr 5:17am Sunrise 6:33am
  • LHR: Fajr 4:49am Sunrise 6:10am
  • ISB: Fajr 4:54am Sunrise 6:18am
  • KHI: Fajr 5:17am Sunrise 6:33am
  • LHR: Fajr 4:49am Sunrise 6:10am
  • ISB: Fajr 4:54am Sunrise 6:18am

سندھ میں پولیو کے مزید 2 کیسز رپورٹ، ملک بھر میں تعداد 39 ہوگئی

شائع October 20, 2024
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان میں ہفتہ کو پولیو کے مزید 2 کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں 48 گھنٹوں کے دوران پولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی جب کہ مجموعی تعداد 39 تک پہنچ گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے مطابق سندھ کے اضلاع سانگھڑ اور میرپورخاص میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی ون) کے کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں 2024 کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران پولیو وائرس کے 39 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ان میں سے 20 بلوچستان، 12 سندھ، 5 خیبر پختونخوا، اور ایک ایک پنجاب اور اسلام آباد سے رپورٹ ہوئے۔

’سندھ کے اضلاع میر پور خاص اور سانگھر سے سامنے آنے والے کیسز میں ایک بچہ اور ایک بچی متاثر ہوئے جب کہ یہ ان اضلاع سے رپورٹ ہونے والے پہلے کیسز ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جن اضلاع میں کیسز رپورٹ میں ان کے قریبی اضلاع میں وائرس کے پھیلاؤ کی پہلے ہی تصدیق ہو چکی تھی کیونکہ وہاں سے اکٹھے کیے گئے کئی ماحولیاتی نمونوں میں ڈبلیو پی وی ون وائرس پایا گیا۔

حکام نے بتایا کہ وائرس کی پھیلاو اور پولیو کے کیسز میں اضافہ اس نقصان کی نشاندہی کرتا ہے بچوں کی اکثریت پولیو ویکسین پینے سے محروم ہیں’۔

جمعہ کو بلوچستان میں پولیو وائرس کے 3 اور خیبر پختونخوا میں ایک کیس کی تصدیق ہوئی، متاثرین میں پشین کی ایک بچی، چمن اور نوشکی سے 2 بچے اور لکی مروت کی ایک بچی شامل ہے۔

حکام نے دعویٰ کیا کہ 2023 اور 2024 کے اوائل میں بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا کیونکہ مقامی سطح پر ہونے والے احتجاج، عدم تحفظ اور کمیونٹی بائیکاٹ کی وجہ سے حفاظتی ٹیکوں کی مہم یا تو رک گئیں یا ملتوی کر دی گئیں، جس سے بچوں کی بڑی تعداد ویکسینیشن سے محروم رہ گئی۔

کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد پاکستان پولیو پروگرام نے 28 اکتوبر سے ملک بھر میں ایک نئی ویکسینیشن مہم کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرے پلائے جا سکیں، ستمبر میں 115 اضلاع میں ملک گیر مہم کے بعد ایک ماہ میں یہ دوسری مہم ہوگی۔

وزیر اعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق نے تسلیم کیا ہے کہ یہ وائرس ملک بھر میں پھیل رہا ہے تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ جون 2025 تک اس مرض کے خاتمے کے لیے حکمت عملی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے ڈان کو بتایا کہ وائرس کے مسلسل پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ستمبر، اکتوبر اور دسمبر میں ’تین پولیو مہم‘ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ چونکہ پولیو وائرس ’سردی یا سردی کے موسم میں کم فعال‘ ہوتا ہے، اس لیے اسے سائنسی حکمت عملی کے ذریعے ختم کر دیا جائے گا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 اکتوبر 2024
کارٹون : 19 اکتوبر 2024