• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

پاک سوزوکی نے بولان کی متبادل 660 سی سی ’ایوری‘ متعارف کرادی

شائع October 13, 2024 اپ ڈیٹ October 14, 2024
فوٹو بشکریہ پاک وہیلز
فوٹو بشکریہ پاک وہیلز

پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ ( پی ایس ایم سی ایل) نے مشہور زمانہ سوزوکی’بولان’ کے متبادل کے طور پر 660 سی سی سوزوکی ’ایوری‘ متعارف کرادی۔

واضح رہے کہ پاک سوزوکی موٹرز نے اپنی مشہور زمانہ سوزوکی بولان کی پیداوار 36سال بعد گزشتہ ماہ مستقل طور پر بند کردی تھی جس کے بعد سے صارفین کو اسکی متبادل سوزوکی ایوری کا بے صبری سے انتظار تھا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق پاک سوزوکی موٹرز نے مقامی طور پر تیار کردہ 660 سی سی کی سوزوکی ایوری ہفتے کو متعارف کردای۔ کمپنی کے ایک افسر نے بتایا کہ سوزوکی ایوری کے وی ایکس اور وی ایکس آر ماڈل متعارف کرائے گئے ہیں جن کی قیمت بالترتیب 27لاکھ 49 ہزار روپے اور 27 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ پاک سوزوکی ایوری کا دنیا بھر میں دستیاب ماڈل ہی پاکستان میں متعارف کرایا ہے یا پرانا ماڈل لانچ کیا گیا ہے۔ کیونکہ مقامی کار ساز اداروں کا یہ پرانا وطیرہ رہا ہے کہ وہ دنیا بھر میں متروک ہونے والے ماڈلز ہی پاکستان میں متعارف کراتے ہیں۔

دوسری جانب پاک سوزوکی جانب سے ایوری متعارف کرائے جانے کے بعد کئی پرانی اور نئی کمپنیوں نے مقامی طور پر تیار کردہ پلگ ان ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکلیں متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے۔

ایم جی پاکستان رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں ایم جی ایچ ایس پلگ اِن ہائبرڈ وہیکل ( پی ایچ ای وی) متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے، یہ گاڑی برقی موٹر اور پٹرول انجن پر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی بیٹری کو گاڑی بند رکھ کر بھی چارج کیا جاسکتا ہے جبکہ عمومی طور پر ہائبرڈ گاڑیوں میں بیرونی چارجنگ کی سہولت موجود نہیں ہوتی۔

پاکستان کی قدامت پسند مارکیٹ میں ایم جی جدت اور خصوصیات متعارف کرانے میں سرفہرست رہا ہے۔ ایم جی پاکستان کے جنرل منیجر مارکیٹنگ آصف احمد نے ڈان کو بتایا کہ ایم جی ایچ ایس پی ایچ ای وی پاکستان میں مکمل طور پر تیار کی جانے والی پہلی پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل ہے اور اسے رواں ماہ لاہور میں منعقد ہونےو الے پاکستان آٹو پارٹس شو 2024 کے دوران متعارف کرایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ایم جی ایچ ایس اپنی 50 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج کے ساتھ نیو انرجی وہیکل کے شعبے میں اپنا مارکیٹ شیئر مزید بڑھائے گی جوکہ فی الوقت مڈ ایس یو وی سیگمنٹ میں 50 فیصد پر موجود ہے۔

ایم جی ایچ ایس پاکستان میں 2024 میں متعارف کرائی گئی تھی، مشہور برطانوی برانڈ نے دسمبر 2012 میں لاہور اپنے پلانٹ سے پیداوار کا آغاز کیا تھا۔ ایم جی پاکستان کی دوسری سب سے بڑی الیکٹرک وہیکل برانڈ ہونے کی دعویدار ہے، پاکستان میں سب سے زیادہ بیٹری پر چلنی والی الیکٹرک وہیکل (بی ای وی) آڈی ای ٹرون ہے۔

ای ٹربو موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ اسامہ ندیم کا کہنا ہےکہ ان کمپنی آئندہ ہفتے کراچی میں الیکٹرک موٹرسائیل متعارف کرانے جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ ”ہم نے اس منصوبے پر50 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے اور مستقبل میں پلانٹ کی توسیع کیلیے 6 ایکڑ اراضی خریدی ہے“۔

انہوں نے کہاکہ سائٹ ایریا میں موجود ان کا پلانٹ ماہانہ 300 سے 400 الیکٹرک موٹر سائیکل تیار کرنے کی استعداد رکھتا ہے جبکہ آئندہ سال تک اسکی ماہانہ پیداواری صلاحیت 1500 سے 2000 یونٹس تک بڑھ جائے گی، انہوں نے کہاکہ رواں سال پروڈکشن لائن پر مزید ماڈلز متعارف کرانے کا بھی منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی الیکٹرک موٹرسائیکل 20 سے 30 فیصد مقامی طور پر تیار کی جارہی ہے جبکہ مستقبل میں اسے مکمل طور پر پاکستان میں تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ “ہمارے پلانٹ میں 50 سے زائد ملازمین کام کررہے ہیں اور پیداوار میں اضافے کے پیش نظر ہم مزید نئی اسامیوں کے ساتھ آئندہ سال 150 سے زائد ملازمتیں پیدا کرنے کا ارداہ رکھتے ہیں “

دوسری جانب دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ (ڈی ایف ایم ایل) نے جمعے کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا ہے اس نے ٹول مینوفیکچرنگ کے تحت Honri EV کو کامیابی سے تیار کرلیا ہے۔ الیکٹرک وہیلکلز (ای ویز) کی پہلی لاٹ ایکو گرین موٹرز لمیٹڈ کو ارسال کردی گئی ہے۔ دریں اثنا انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ ( ای ڈی بی) سے لائسنس حاصل کرنے کے بعد ریگل آٹو موبائلز بھی جلد اپنے لاہور میں واقع پلانٹ پر ملک کی پہلی الیکٹرک ایس یو وی کی اسمبلنگ شروع کرنے جارہی ہے۔ رواں کے آخر میں کمپنی کی پیداوار کا باقاعدہ آغاز متوقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024