صحیفہ جبار ’بصارت کے دھندلے پن‘ میں بھی مبتلا
معروف ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ڈپریشن اور ’اٹینشن ڈیفیسٹ ڈس آرڈر‘ (اے ڈی ڈی) کے بعد ’بصارت کے دھندلے پن‘ کا بھی شکار ہیں۔
صحیفہ جبار نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں انکشاف کیا کہ بصارت کے دھندلے پن کی وجہ سے بعض مرتبہ انہیں یہ تک نہیں دکھائی دیتا کہ وہ کیا لکھ رہی ہیں یا انہوں نے پہلے کیا لکھا تھا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ حال ہی میں جب وہ دھندلے پن کی وجہ سے اپنی لکھی ہوئی چیزیں پڑھنے سے قاصر تھیں، تب انہوں نے آرٹیفیشل انٹلی جنس (اے آئی) کے ٹول چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے اپنی ڈائری کے صفحے کو تحریر میں بدلا۔
انہوں نے لکھا کہ انہوں نے چیٹ جی پی ٹی کو اپنی ڈائری (جرنل) کی ایک تصویر مہیا کی اور ہدایات دیں کہ وہ تصویر میں موجود تحریر کو ٹیکسٹ کی صورت میں فراہم کرے اور حیران کن طور پر اے آئی ٹول نے درست تحریر فراہم کی۔
صحیفہ جبار نے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے اپنی ڈائری کی تحریر کو حاصل کرنے کےبعد اسے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا، جس میں وہ خدا سے بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
اداکارہ نے اپنی ڈائری کے صفحے پر خدا سے بات کرتے ہوئے لکھا کہ وہ 3 دن بعد اٹھنے کے قابل ہوئی ہیں اور صحت دینے پر وہ خدا کی شکر گزار ہیں۔
اسی ڈائری کے صفحے میں وہ لکھتی ہیں کہ اگرچہ وہ تین دن بعد گھر سے باہر نکلی ہیں اور واش روم بھی خود ہی جاتی ہیں لیکن اس باوجود ان کی بصارت دھندلی ہے۔
مسائل اور پیچیدگیوں کے باوجود صحیفہ جبار نے صحت عطا کرنے پر شکرانے ادا کیے اور ساتھ ہی ایسے دوستوں کی خواہش بھی ظاہر کی جو کہ ان کا والدین اور شوہر کی طرح خیال رکھ سکیں۔
اداکارہ نے اپنی ڈائری کے صفحات میں خدا سے مخاطب ہوتے ہوئے ان سے ملنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا اور انہوں نے اپنی ڈائری کے صفحات کو چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے ٹیکسٹ کی صورت میں حاصل کرنے کے بعد انسٹاگرام پر شیئر کیا۔
اس سے قبل گزتشہ ہفتے انہوں نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ گزشتہ 13 سال
سے ڈپریشن کا سامنا کر رہی ہیں لیکن حال ہی میں انہیں یہ شک بھی گزرا کہ وہ ’اٹینشن ڈیفیسٹ ڈس آرڈر‘ (اے ڈی ڈی) کا شکار ہیں۔
انہوں نے لکھا تھا کہ انہیں انٹرنیٹ پر تحقیق کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ بھی ’اے ڈی ایچ ڈی‘ کا شکار ہیں۔
اس سے قبل وہ متعدد بار اپنی ڈپریشن پر بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ وہ اس قدر ڈپریشن کا شکار بھی ہوئی تھیں کہ روز اپنے مرنے کی خواہش اور دعا کرتی تھیں۔
اب انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ وہ بصارت کے دھندلے پن کا شکار بھی ہیں، تاہم انہوں نے اس متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی کہ انہیں مذکورہ مسئلہ کس وجہ سے پیش آ رہا ہے؟
عام طور پر بصارت کا دھندلا پن نظر کی کمزوری، مختلف ادویات کے منفی اثر سمیت آنکھوں کی بیماریوں کی وجہ سے ہوتا ہے، تاہم اس کی دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔