شاہ رخ خان جیسا قرار دینے پر ذاکر نائیک یوٹیوبر پر برہم

شائع October 9, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے خود کو بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ساتھ ملانے پر یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ڈکی بھائی نے تین دن قبل ڈاکٹر ذاکر نائیک سے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گورنر ہاؤس کے دوران ہونے والی مختصر ملاقات کی ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کی تھی۔

ڈکی بھائی نے مختصر ویڈیو میں بتایا تھا کہ ذاکر نائیک سے ملنا ان کا خواب تھا جو آج ان کی زندگی میں ہی پورا ہوا۔

انہوں نے ذاکر نائیک کے ساتھ ولاگ بناتے ہوئے نہ صرف اپنی پسندیدہ شخصیت قرار دیا تھا بلکہ انہیں عالم اسلام کی اہم ترین شخصیت بھی قرار دیا تھا۔

بعد ازاں ذاکر نائیک نے اپنی تقریر کے دوران یوٹیوبر ڈکی بھائی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس بات پر اظہار برہمی بھی کیا کہ انہیں شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی جیسا قرار دیا گیا۔

ذاکر نائیک نے کراچی میں ایک تقریب میں اپنی تقریر کے دوران ڈکی بھائی کا نام لیے بغیر کہا کہ گزشتہ روز ان سے ایک یوٹیوبر ملے، جنہوں نے انہیں شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی جیسا قرار دیا۔

مبلغ و اسکالر نے کہا کہ یوٹیوبر نے انہیں بتایا کہ دنیا میں تین افراد ان کے پسندیدہ ہیں، جن میں بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان، بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور ذاکر نائیک شامل ہیں۔

اسلامی اسکالر نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے غصہ کیا کہ یوٹیوبر نے انہیں شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی جیسا قرار دیا۔

ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ کیا وہ، شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی ایک جیسے ہی ہیں؟ ساتھ ہی انہوں نے یوٹیوبر کی جانب سے ان کا موازنہ کرکٹر اور اداکار سے کرنے پر غصہ بھی کیا اور ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ذاکر نائیک ان دنوں پاکستانی دورے پر ہیں، وہ اکتوبر کے آغاز میں یہاں پہنچے تھے، 5 اور 6 اکتوبر کو انہوں نے کراچی میں عوامی مقامات پر خطاب بھی کیے۔

ذاکر نائیک اپنے دورے کے دوران لاہور اور اسلام آباد میں بھی عوامی مقامات پر خطاب کریں گے، وہ حکومت پاکستان کی دعوت پر یہاں آئے ہیں اور اکتوبر کے آخری ہفتے تک یہاں رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 3 جنوری 2025
کارٹون : 2 جنوری 2025