• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

معروف اداکار مظہر علی انتقال کر گئے

شائع October 8, 2024
—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کا آغاز کرنے والے سینیئر اداکار مظہر علی 70 سال کی عمر میں طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق مظہر علی طویل عرصے سے عارضہ قلب اور پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا تھا اور وہ پاکستان سمیت امریکا میں بھی زیر علاج رہے۔

مظہر علی نے پی ٹی وی سے کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے متعدد مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر مداحوں کے دلوں پر راج کیا۔

پی ٹی وی کے مطابق مظہر علی کچھ عرصہ قبل ہی پاکستان آئے ہوئے تھے اور سندھ کے دارالحکومت کراچی میں علالت کے باعث انتقال کر گئے۔

ان کے مقبول ڈراموں میں ’’افشاں،عروسہ، شاہین، کالی دیمک‘‘ اور ’’کانچ کی گڑیا‘‘ شامل ہیں۔

مرحوم نے لواحقین میں بیوہ اور تین بچے چھوڑے ہیں، ان کی بیوہ اور بچے کینیڈا میں ہی مقیم ہیں۔

مرحوم کی بہن نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مظہر علی 2013 سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور ان کی امریکا میں سرجریز بھی ہوئی تھیں جب کہ وہ پھیپھڑوں کی بیماری کا بھی شکار تھے۔

مرحوم کی بہن کے مطابق اداکار کچھ ہی عرصہ قبل کراچی لوٹے تھے، وہ ناظم آباد کے علاقے میں اپنی بڑی بہن کے ہاں رہائش پذیر تھے اور گزشتہ شب نیند کے دوران ہی انتقال کر گئے۔

انہوں نے بتایا کہ مظہر علی کو دو دن قبل بخار ہوا تھا، انہیں دل کی تکلیف بھی لاحق ہوئی اور پرسکون حالت میں نیند میں ہی خالق حقیقی سے جا ملے۔

مظہر علی کے انتقال پر شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں بھی کیں۔

اداکار کی نماز جنازہ ناظم آباد میں ادا کرنے کے بعد انہیں سخی حسن قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024