• KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:37pm
  • LHR: Zuhr 12:15pm Asr 3:55pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:56pm
  • KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:37pm
  • LHR: Zuhr 12:15pm Asr 3:55pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:56pm

فواد خان کی بولی وڈ فلم کی شوٹنگ شروع

شائع October 8, 2024
—فواد خان اور وانی کپور کی جاری کردہ تصویر: بشکریہ ورائٹی
—فواد خان اور وانی کپور کی جاری کردہ تصویر: بشکریہ ورائٹی

مقبول اداکار فواد خان کی بولی وڈ کی نئی فلم کی شوٹنگ شروع کردی گئی اور فلم کی ٹیم نے اداکار کی پہلی جھلک بھی جاری کردی۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق فواد خان کی نئی بولی وڈ فلم ’ابیر گلال‘ کی شوٹنگ شروع ہوگئی۔

’ابیر گلال‘ میں فواد خان کے ہمراہ بولی وڈ اداکارہ وانی کپور سمیت دیگر اداکار کام کرتے دکھائی دیں گے اور ممکنہ طور پر فلم میں فواد خان کے علاوہ کسی دوسرے پاکستانی کو بھی کاسٹ کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ورائٹی کے مطابق فلم کی ہدایات آرتی ایس باگڑی دیں گی جو کہ اس سے قبل بھی متعدد بولی وڈ فلموں کی ہدایات دے چکی ہیں۔

’ابیر گلال‘ کو متعدد افراد اور پروڈکشن ہاؤس پروڈیوس کر رہے ہیں اور اس میں وانی کپور کے علاوہ بھی تقریبا تمام کاسٹ بھارتی ہوگی۔

فلم کی شوٹنگ کا آغاز لندن سے کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر فلم کی تمام شوٹنگ برطانیہ میں ہی ہوگی، تاہم کچھ حصہ بھارت میں بھی فلمائے جانے کا امکان ہے۔

’ابیر گلال‘ کی کہانی دو ایسے افراد کے گرد گھومتی ہے جو کہ کسی بھی لالچ کے بغیر ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، تاہم ان کے درمیان غیر ارادی طور پر محبت ہوجاتی ہے، جس کے بعد ان کی زندگی میں مسائل شروع ہوتے ہیں۔

ممکنہ طور فلم میں فواد خان اور وانی کپور کو دو مختلف ممالک، خطوں، علاقوں یا نسل سے دکھائے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

چہ مگوئیاں ہیں کہ ’ابیر گلال‘ میں دیگر معروف اداکاروں کو بھی معاون کرداروں میں کاسٹ کیا جا چکا ہے، تاہم اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

گزشتہ چند ماہ سے خبریں تھیں کہ فواد خان اداکارہ وانی کپور کے ہمراہ فلم سے بولی وڈ میں واپسی کریں گے اور دونوں اداکاروں نے مختلف انٹرویوز میں مبہم انداز میں اس کی تصدیق بھی کی تھی۔

اس سے قبل فواد خان کپور اینڈ سنز اور اے دل ہے مشکل جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں، وہ سونم کپور اور انوشکا شرما جیسی اداکاروں کے ساتھ رومانس کر چکے ہیں۔

ماضی میں فواد خان ’اے دل ہے مشکل‘ اور ’خوبصورت‘ جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

اگر ان کی فلم ’ابیر گلال‘ ریلز ہوجاتی ہے تو تقریبا ایک دہائی بعد فواد خان کی بولی وڈ میں واپسی ہوگی اور وہ پہلے پاکستانی بھی بنیں گے جن کی 2018 کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں واپسی ہوگی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان 2019 سے کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک میں ایک دوسرے کی فلموں کی نمائش سمیت ایک دوسرے کے منصوبوں میں اداکاروں کے کام پر بھی پابندی عائد ہے، تاہم بھارتی پنجابی فلموں میں پاکستانی اداکار کام کرتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 جنوری 2025
کارٹون : 27 جنوری 2025