لاہور: پی ٹی آئی کے 129 کارکنان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 5 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج سے متعلق 4 مقدمات میں تحریک انصاف کے لاہور کے جنرل سیکریٹری احسن یونس سمیت 129 رہنماؤں اور کارکنان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چاروں تھانوں کے تفتیشی افسران نے گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کیا اور ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
وکیل دفاع نے ریمانڈ کی مخالفت کی اور ایف آئی آر میں لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالت سے کارکنان کو بری کرنے کی درخواست کی۔
جج عرفان حیدر نے پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
دیگر گرفتار کارکنوں میں مسرت جمشید چیمہ، حافظ سرفراز، ملک باقر اور ملک علی حسنین شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ضلعی عدالتوں کے ایک جوڈیشل مجسٹریٹ نے شہر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور پولیس پر حملہ کرنے کے کیس میں مسرت جمشید چیمہ اور رائے محمد علی سمیت پی ٹی آئی کے دیگر 17 کارکنوں کو بری کر دیا۔
اپنے حکم میں مجسٹریٹ نے نشاندہی کی کہ تفتیشی افسر سی سی ٹی وی فوٹیج کی شکل میں کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسر کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ بازیابی کی کارروائی کے دوران پولیس کی جانب سے کوئی نجی گواہ شامل نہیں کیا گیا۔
مجسٹریٹ نے ملزمان کو مقدمے سے بری کرتے ہوئے کہا کہ الزامات کو بے بنیاد قرار دیا جاتا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجا کی 5 اکتوبر کے احتجاج اور پولیس پر حملوں کے تین مقدمات میں 16 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
سلمان اکرم راجا انصاف لائرز فورم پاکستان کے صدر اشتیاق اے خان کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
جج ارشد جاوید نے 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی، اسلام پورہ، لاری اڈہ اور مستی گیٹ کے تھانوں میں درج مقدمات میں ضمانت منظور کی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں سلمان اکرم راجا کی 15 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت بھی منظور کر لی۔
جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست پر سماعت کی۔
بینچ نے حفاظتی ضمانت کی اجازت دی اور وکیل کو ہدایت کی کہ وہ 15 اکتوبر تک مزید ریلیف کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔
اسلام آباد کے سیکرٹریٹ تھانے میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف احتجاج اور اہلکاروں پر حملوں کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔