غلطیاں بار بار دہرا کر کئی جیتے ہوئے میچز گنوا دیے، شان مسعود
قومی ٹیم ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہمیں انگلینڈ کے خلاف گزشتہ سیریز کی غلطیوں سے سیکھنا اور سبق لینا چاہیے، ہم نے اس سیریز میں میچ جیتنے کے مواقع ضائع کیے تھے اور یہی غلطی ہم نے بابار کرتے ہوئے کئی میچز جیتنے کی پوزیشن میں آ کر گنوا دیے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کے اعلان کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ بین اسٹوکس کا شمار دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے لیکن انگلینڈ نے ان کے بغیر پہلے بھی کھیلا ہے اور ان کی ٹیم کی طاقت ایک بندے نہ کم ہو گی اور نہ اس میں کوئی خاص اضافہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی پلیئنگ الیون کافی متوازن ہے، ان کے پاس آل راؤنڈرز ہیں جو بیٹنگ بھی کرتے ہیں، دو اسپنرز بھی کھیل رہے ہیں جبکہ جو روٹ بھی اسپن میں ایک ایکسٹرا آپشن دیتے ہیں، تین فاسٹ باؤلرز ہیں اور بیٹنگ بھی طویل ہے تو کافی اچھی ٹیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں انگلینڈ کے خلاف ہماری گزشتہ سیریز کی غلطیوں سے سیکھنا اور سبق لینا چاہیے، ہم اس وقت بھی اس میدان پر کھیلے تھے اور ٹیسٹ میچ جیتنے کے بہت قریب آئے تھے، ہمارے پاس اس سیریز میں جیتنے کے مواقع تھے اور وہی ایک غلطی ہے جو ہم نے بطور ٹیسٹ اسکواڈ بار بار کی ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ میرے دور میں بھی یہی غلطیاں ہوئیں کہ ہم نے میچ جیتنے کی پوزیشن میں آ کر کئی میچز گنوا دیے، ہمیں اپنی طاقت پر کھیلتے ہوئے اس بات کو مدنظر رکھنا ہے کہ ہم کس طرح سے انگلینڈ کی ٹیم سے نمٹ سکتے ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ انگلینڈ نے کس اسٹائل سے کرکٹ کھیلنی ہے لیکن یہ دیکھنا ہو گا کہ ہم کس طرح سے انہیں قابو کر سکتے ہیں، ہم نے آج پلیئنگ الیون کا اعلان بھی اس لیے کیا ہے کیونکہ ہم اپنے مائنڈ میں کلیئر ہیں کہ یہ ہماری بہترین ٹیم ہے اور عامر جمال کے آنے سے ہماری فاسٹ باؤلنگ میں تھوڑی برتری بھی ملتی ہے جبکہ وہ آسٹریلیا میں بیٹنگ جوہر بھی دکھا چکے ہیں۔
ٹیم میں عامر جمال سمیت آٹھ بلے باز کھلانے کے سوال پر شان مسعود نے کہا کہ ہمیں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں اس چیز کا نقصان پہنچا کہ سات نمبر کے بعد ہمیں اس طرح سے رنز نہیں ملے جو ہمیں عامر جمال نے آسٹریلیا میں کر کے دیے تھے، اس کے علاوہ انہوں نے تین میچوں میں 18 وکٹیں بھی لی تھیں اور ہمیں اس کا بھی نقصان ہوا لیکن بدقسمتی سے وہ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
بنگلہ دیش کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فاسٹ باؤلرز کی ٹیم میں عدم شمولیت کے سوال پر شان مسعود نے کہاکہ فاسٹ باؤلرز کا ورک لوڈ دیکھنا پڑتا ہے، ابھی شاہین، نسیم اور شاید عامر جمال نے بھی آگے آسٹریلیا میں محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنی ہے لیکن اسپنرز کو ہم کھلا سکتے ہیں اور اسی وجہ سے ہم نے ابرار کو اس میچ میں بھی ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔