• KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:25am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:58am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:04am
  • KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:25am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:58am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:04am

اسرائیل کا لبنان میں حزب اللہ کے 15 مزید اراکین کو شہید کرنے کا دعویٰ

شائع October 3, 2024
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لبنان میں حملے کر کے ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے مزید 15 جنگجوؤں کو شہید کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبر کے مطابق اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اس نے جنوبی لبنان پر ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے 15 جنگجوؤں کو مار دیا۔

رپورٹ کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ تحریک نے کہا کہ اس نے سرحد پر اسرائیلی پیش قدمی کو ناکام بنا دیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے ایک بیان کہا کہ اس نے مشرقی لبنان کی وادی بیکا پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق لبنانی شہر ہرمل پر ہونے والے حملوں میں آج کم از کم 33 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ لبنان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل جارحیت میں 105 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

دوسری جانب لبنان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی نے 3 روز کے دوران اپنے وحشیانہ حملوں میں 40 سے زیادہ ریسکیو رضا کاروں اور فائر فائٹرز کو بھی شہید کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان کے وزیر صحت فراس ابیاد نے کہا کہ تین دنوں میں 40 سے زیادہ ریسکیور اہلکار اور فائر فائٹرز اسرائیلی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے مجموعی طور پر 97 افراد مارے گئے ہیں۔

فراس ابیاد نے صحافیوں کو بتایا کہ تین دنوں میں 40 وہ شہری شہید ہوئے جو ایمبولینس اور آگ بجھانے کے لیے استعمال ہونے ٹرکس میں کام پر مامور تھے، انہوں نے کہا کہ لڑائی شروع ہونے کے بعد سے 97 پیرامیڈیکس اور فائر فائٹرز جاں بحق اور 188 زخمی ہو چکے ہیں۔

مجموعی طور پر مرنے والوں میں حزب اللہ یا دوسری لبنانی جماعتوں سے وابستہ تنظیموں کے ریسکیو رضاکار شامل ہیں۔

لبنانی وزیر صحت نے کہا کہ جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے اسرائیلی فائرنگ سے ایک ہزار 974 افراد مارے جاچکے ہیں جبکہ شہدا میں 127 بچے بھی شامل ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ 9 ہزار 350 سے زیادہ شہری زخمی ہو چکے ہیں۔

دمشق پر اسرائیلی حملے میں زخمی ایرانی پاسداران انقلاب کے مشیر شہید

دوسری جانب شام کے دارالحکومت دمشق پر کیے گئے اسرائیلی حملے میں زخمی ایران کی پاسداران انقلاب فورس کے مشیر شہید ہوگئے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے ایرانی اسٹوڈنٹ نیوز نیٹ ورک کے حوالے سے خبر دی کہ شامی دارالحکومت دمشق پر پیر کے روز کیے گئے اسرائیل کے فضائی حملے میں زخمی ایران کی فورس پاسداران انقلاب کے لیے کام کرنے والے ایک مشیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔

رپورٹ میں مزید تفصیلات بتائے بغیر مشیر کی شناخت ماجد دیوانی کے نام سے کی گئی۔

یاد رہے کہ اسرائیلی جارحبیت کے باعث مشرق وسطیٰ ان دنوں شدید کشیدگی کی زد میں ہے، حالیہ دنوں میں اسرائیل نے فلسطین، لبنان، یمن اور شام میں شدید بمباری کی تھی اور ان حملوں کے نتیجے میں ان مسلمان ممالک میں سیکڑوں شہری شہید ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر بڑا حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں اسرائیل میں تقریباً ایک ہزار 160 ہلاکتیں ہوئی تھیں، اس حملے کے دوران حماس نے درجنوں اسرائیلیوں کو قید بھی کرلیا تھا۔

حماس کو تباہ کرنے اور قیدیوں کو آزاد کروانے کے لیے اسرائیل نے غزہ کے ساحلی علاقوں پر مسلسل بہیمانہ بمباری اور شدید ترین زمینی حملے کیے ہیں جن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

گزشتہ روز غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تقریباً ایک سال مکمل ہونے کے باوجود اسرائیل کے غزہ میں حملے جاری ہیں اور اسرائیلی مظالم کے نتیجے میں اب تک 41 ہزار 689 افراد شہید ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی جنگی جرائم کے حوالے سے قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے ایک ڈاکومینٹری تیار کی ہے جس میں صہیونی ریاست کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا گیا ہے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 3 اکتوبر 2024
کارٹون : 2 اکتوبر 2024