• KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 12:02pm Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 12:02pm Asr 3:22pm

پی ٹی آئی مظاہروں کو ناکام بنانے کیلئے پنجاب میں ’کرفیو جیسی صورتحال‘

شائع October 3, 2024
— فوٹو: سوشل میڈیا
— فوٹو: سوشل میڈیا

اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے مہنگائی کے خلاف، عدلیہ کی آزادی اور عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کرنے کے اعلان کے بعد بہاولپور، فیصل آباد اور میانوالی میں کرفیو جیسی صورتحال پیدا کردی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال سے حکومت خوفزدہ ہے اسی لیے وہ شہروں کو سیل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کو سیل کر چکی ہے اور اسی طرح کے اقدامات دوسرے شہروں میں بھی کر رہی ہے تاکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو احتجاج اور جلسے کرنے سے روکا جا سکے۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے فیصل آباد، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، میانوالی اور چنیوٹ میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے بدھ اور جمعرات کو ہر قسم کے سیاسی جلسوں، اجتماعات، ریلیوں اور احتجاج پر پابندی عائد کر دی تھی، میانوالی میں منگل کو سات روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ پابندی کے باوجود خواتین سمیت پارٹی کارکن سڑکوں پر نکلے، رکاوٹیں عبور کرنے میں کامیاب ہوئے اور مختلف شہروں میں ریلیاں نکالنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کا مقابلہ کیا۔

پنجاب پولیس نے مظاہرین کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا اور تمام شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز لگا دیے۔

پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات شوکت بسرا نے مختلف شہروں کو کنٹینرستان میں تبدیل کرنے پر آئی جی پی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ اضلاع کے مختلف مقامات پر رکھے گئے کنٹینرز نے کئی شہروں کے درمیان رابطہ بھی منقطع کر دیا ہے اور مسافر اپنے گھروں میں ہی رہنے پر مجبور ہیں۔

شوکت بسرا نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے احتجاج کے دوران پارٹی کے تقریباً 500 کارکنوں کو اٹھایا تھا۔

شیخ وقاص نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ تینوں شہروں میں پارٹی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید کہا کہ کارکنوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 12 دسمبر 2024
کارٹون : 11 دسمبر 2024