• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

’پاکستان آکر برسوں پرانا خواب پورا ہوا‘، وزیراعظم سے ممتاز اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات

شائع October 2, 2024
وزیر اعظم شہباز شریف سے بھارتی نژاد ممتاز  اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک مصافحہ کررہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
وزیر اعظم شہباز شریف سے بھارتی نژاد ممتاز اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک مصافحہ کررہے ہیں— فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف سے بھارتی نژاد ممتاز اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے معزز مہمان نے کہا کہ پاکستان آکر میرا برسوں پرانا خواب پورا ہوگیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ذاکر نائیک سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آمد پر آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کی پاکستان آمد باعث افتخار ہے، پوری دنیا کے مسلمانوں کے دلوں میں ذاکر نائیک کے لیے احترام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کا صحیح تشخص سے روشناس کروایا، یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ آپ کے سامعین میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جو کہ انتہائی پر معز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرذاکر نائیک کی تقاریر اور تحریریں اسلام سے آگاہی کا ذریعہ ہیں، میں بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تقاریر سے استفادہ کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی ترویج کے لیے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی خدمات قابل ستائش ہیں، ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تقاریر اسلامی تعلیمات سے روشناس ہونے کا موقع دیتی ہیں، ان کا اسلام کی تشریح میں نمایاں کردار ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی آپ کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے، شہباز شریف نے 2006 میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دیں گے جس پر شہباز شریف نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، پاکستان آکر برسوں پرانا خواب پورا ہوا، میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں، یہ میرا پہلا آفیشل دورہ ہے۔

ڈاکٹر ذاکرنائیک نے کہا کہ ملاقات کے دوران اسلام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو ہوئی، حضورﷺکی سیرت مبارکہ سے متعلق بھی وزیراعظم سے بات ہوئی۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو کہ اسلام کے نام پہ بنا، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے، اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے، میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا، قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024