پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہو گیا، وزیر اعظم

شائع October 1, 2024
وزیر اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو: اے پی پی
وزیر اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف نے ستمبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح 6.9 فیصد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہو گیا اور پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اجرا سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا۔

وزیر اعظم نے ستمبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح 6.9 فیصد پر پہنچنے پر حکومت کی معاشی ٹیم کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کیے گئے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور مہنگائی کی شرح کو 2025 تک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024 میں ہی حصول قابل ستائش ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم پہلے دن سے عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا جس کی بدولت پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں لیکن اب ملکی معیشت مستحکم، سفارتی تعلقات مضبوط اور عام آدمی کی خوشحالی کا سفر شروع ہوچکا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اجرا سے بھی معیشت میں مزید استحکام آئے گا اور پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا۔

واضح رہے کہ اگست 2024 میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد آئی اور ستمبر 2024 میں 44 ماہ کے بعد مہنگائی کی کم ترین شرح 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 2 اکتوبر 2024
کارٹون : 1 اکتوبر 2024