• KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:15pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:36pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:38pm
  • KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:15pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:36pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:38pm

کانپور ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو ناقابل یقین شکست، بھارت کا کلین سوئپ مکمل

شائع October 1, 2024
سیریز کی فاتح بھارتی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی
سیریز کی فاتح بھارتی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے بارش سے متاثرہ دوسرے ٹیسٹ میچ بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ مکمل کرتے ہوئے ہوم گراؤنڈ پر 10 سال سے زائد عرصے سے ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا اور لگاتار 18ویں سیریز اپنے نام کر لی۔

کانپور میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور میچ کے پہلے دن بارش کے سبب صرف 35 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا جس میں بنگلہ دیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے۔

اس کے بعد اگلے دو دن تک میچ میں بارش کے سبب ایک اوور کا کھیل بھی ممکن نہ ہوسکا جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ یہ میچ بارش کی نذر ہو جائے گا لیکن روہت شرما الیون نے اپنے شاندار کھیل سے بنگلہ دیش کو چاروں شانے چت کردیا۔

میچ کے چوتھے روز مومن الحق کی مزاحمت سے بھرپور ناقابل شکست 107 رنز کی اننگز کے باوجود پوری بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 3 جبکہ محمد سراج، روی چندرن ایشون اور آکاش دیپ نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارت نے میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پہلی اننگز میں جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیسٹ میچ کو کسی ٹی20 میچ کی شکل دے دی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اننگز میں بھارت کا رن ریٹ 8.22 تھا۔

اوپنرز نے بھارت کو صرف 3.5 اوورز میں 55 رنز کا آغاز فراہم کیا جبکہ نوجوان یشسوی جیسوال نے 51 گیندوں پر 72، لوکیش راہُل نے 43 گیندوں میں 68 اور ویرات کوہلی نے 35 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔

بھارت نے پہلی اننگز میں 34.4 اوورز میں 285 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیر کردی اور میچ کے چوتھے ہی دن بنگلہ دیش کو دوبارہ بیٹنگ پر مجبور کردیا اور ساتھ ساتھ پہلی اننگز میں قیمتی 52 رنز کی برتری بھی حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اسپنرز شکیب الحسن اور مہدی حسن میراز نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 52 رنز کے خسارے کے ساتھ شروع کی لیکن مہمان بلے بازوں کی بھارتی باؤلرز کے اگے ایک نہ چلی اور پوری ٹیم 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، روی چندرن ایشون اور رویندار جدیجا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارت نے میچ کے پانچویں دن 95 رنز کا ہدف باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پہلی اننگز میں 72 اور دوسری اننگز میں 51 رنز کی جارحانہ باریاں کھیلنے پر یشسوی جیسوال کو میچ کا بہترین جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر ایک سینچری کے ساتھ ساتھ 11 وکٹیں لینے والے روی چندرن ایشون کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بھارت نے اس میچ میں ٹیسٹ کرکٹ میں برق رفتاری سے 50، 100 اور 200 رنز اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔

سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے ساتھ بھارت نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 30 دسمبر 2024
کارٹون : 29 دسمبر 2024