ٹیکنو کے ’اسپارک 30 اور پرو‘ متعارف
اسمارٹ فون بنانے والی چینی ملٹی نیشنل کمپنی ٹیکنو نے خاموشی سے یکے بعد دیگرے اپنے دو نئے فونز متعارف کرادیے۔
کمپنی نے ’ٹیکنو: اسپارک 30‘ اور ’ٹیکنو: اسپارک 30 پرو‘ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز اور ٹولز کے ساتھ متعارف کرایا ہے۔
کمپنی نے ’اسپارک 30‘ کو بیک پر دو کیمرے دیے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جب کہ دوسرا کم میگا پکسل کا ہے۔
اسی طرح فون کے فرنٹ پر 13 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جب کہ فون میں 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری کو 18 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔
فون کو ایک ہی 8 جی بی ریم جب کہ دو 128 اور 256 جی بی میموری ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔
فون میں اگرچہ اے آئی فیچرز دیے گئے ہیں، تاہم اس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اسی طرح کمپنی نے ’اسپارک 30 پرو‘ کو بھی ڈوئل بیک کیمرا کے ساتھ متعارف کرایا ہے۔
اس فون کے بیک پر مین کیمرا 108 میگا پکسل کا دیا گیا ہے جب کہ دوسرے کیمرے کو اے آئی کیمرا کا نام دیا گیا ہے، فرنٹ پر 13 میگا پکسل سیلفی کیمرا اے آئی ٹولز کے ساتھ دیا گیا ہے۔
’اسپارک 30 پرو‘ کو 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری جب کہ 33 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
فون میں فنگر پرنٹ سینسر سمیت دیگر فیچرز بھی دیے گئے ہیں اور اسے 8 اور 12 جی بی ریم ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔
کمپنی نے اس فون کی قیمت کا اعلان بھی نہیں کیا، تاہم فون کی زیادہ سے زیادہ قیمت 70 ہزار روپے تک رکھے جانے کا امکان ہے جب کہ دوسرے فون کی زیادہ سے زیادہ قیمت 45 ہزار روپے تک ہونے کا امکان ہے۔