• KHI: Fajr 5:05am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:31am Sunrise 5:52am
  • ISB: Fajr 4:34am Sunrise 5:57am
  • KHI: Fajr 5:05am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:31am Sunrise 5:52am
  • ISB: Fajr 4:34am Sunrise 5:57am

سوات: سی ٹی ڈی نے پولیس وین کے قریب دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا

شائع September 23, 2024
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مالم جبہ میں گرشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا۔

سوات میں اتوار کے روز سڑک کنارے دھماکے سے غیر ملکی سفارت کاروں کے قافلے کی حفاظت پر مامور ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا تھا۔ وفد، جس میں 12 ممالک کے سفارت کار بھی شامل تھے، مالم جبہ سے اسلام آباد واپس آرہا تھا کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

ایک دیسی ساختہ بم کے ذریعے قافلے کی قیادت کرنے والے پولیس اسکواڈ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ چیمبر آف کامرس کی دعوت پر سوات کا دورہ کرنے والے سفارتکار حملے میں محفوظ رہے تھے اور بحفاظت واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس افسر (پی ڈی او) سوات نے بتایا ہے کہ سی ٹی ڈی نے گزشتہ روز غیر ملکی سفرا کی سیکیورٹی پر مامور پولیس وین کے قریب ہونے والے دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ مقدمے میں دہشت گردی ایکٹ، قتل، اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے کے ایس ایچ او اکرام خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سوات دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملے میں شہید اہلکار کے اہل خانہ کی بھرپور مالی اعانت کی جائے گی، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

واضح رہے کہ سوات میں مالم جبہ روڈ پر واقع جہان آباد کے علاقے میں پولیس وین میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے، زخمی اہلکاروں کو فوری ہسپتقل منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

شہید اہلکار کی شناخت کانسٹیبل برہان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں سب انسپکٹر سرزمین، کانسٹیبل امان اللہ، کانسٹیبل حبیب گل اور ڈرائیور رحمت اللہ شامل ہیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 ستمبر 2024
کارٹون : 21 ستمبر 2024