• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

بھارت نے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 280 رنز سے شکست دے دی

شائع September 22, 2024
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

چنئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں روی چندرن ایشون کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت بھارت نے بنگلہ دیش کو 280 رنز سے شکست دے دی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 376 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے روی چندرن ایشون نے بہترین بلے بازی کا کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری اسکور کی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمود حسن نے پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 149 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، مہمان ٹیم کی جانب سے شکیب الحسن 32 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

بھارت کی جانب سے فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارتی ٹیم نے دوسری اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اننگز 287 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی، میزبان ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں کم بیک کرنے والے رشبھ پانٹ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 109 رنز بنائے جب کہ اوپننگ بلے باز شبمن گل نے بھی سنچری اسکور کی۔

بھارت نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 515 رنز کا ہدف دیا۔

بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی اور پوری ٹیم 234 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان نجم الحسن شنٹو 82 رنز بنا کر نمایاں رہے، دوسری اننگز میں شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے روی چندرن ایشون نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ٹیسٹ میں مجموعی طور پر بہترین آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روی چندرن ایشون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

روی چندرن ایشون نے ٹیسٹ کرکٹ میں 37 دفعہ 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا آنجہانی شین وارن کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

بھارت نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش بھارت کے خلاف مجموعی طور پر کھیلے گئے 14 ٹیسٹ میچز میں فتح حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024