• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے، وزیراعظم

شائع September 21, 2024
وزیراعظم پاکستان — فوٹو: ریڈیو پاکستان
وزیراعظم پاکستان — فوٹو: ریڈیو پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے تاہم ہم بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر پختہ یقین رکھتےہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے امن کے عالمی دن کے موقع پر ہفتہ کو جاری پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے، ہمیں اقوام عالم کے مابین اختلافات کو ختم کرنے اور امن کے مقصد کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام، جنگ و تنازعات سے پاک پرامن دنیا کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، آج کے دن ہم اقوام عالم کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے اس جانب عملی اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے پر پختہ یقین رکھتا ہے تاہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دیرینہ تنازعات کو حل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس خطے میں جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کے پائیدار حل کی بنیاد غیرجانبدارانہ رائے شماری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں فلسطینیوں کی حالت زار کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، جو ریاستی جارحیت کا بہادری سے سامنا کر رہے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کے فروغ کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے، جس سے ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرامن کل کی تعمیر کر سکتے ہیں اور دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024