• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:01pm

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بھارت میں بھی دھوم مچانے کو تیار

شائع September 20, 2024
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی فلمی صنعت کے 75 سالہ سفر میں اب تک بننے والی سب سے مہنگی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بھارت میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔

یہ اعلان فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج کے ذریعے سامنے آیا فلم میکرز نے ریلیز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی میراث زندہ ہے! 2 اکتوبر 2024 سے بھارتی تھیئٹرز میں سنیما کا شاہکار دیکھیں۔

فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری نے بھی اپنے انسٹا گرام پوسٹ پر لکھا کہ ’ بھارت میں فلم 2 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی’۔

ان کا کہنا تھا کہ دو سال گزر چکے ہیں، اور اب بھی پاکستان میں ویک اینڈ پر ہاؤس فل رہتا ہے۔

یہ فلم ابتدائی طور پر دسمبر 2022 میں بھارت میں ریلیز ہونے والی تھی، تاہم، ریلیز کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا جس سے مداح کافی مایوس ہوئے۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا پاکستان سے بھارت تک کا سفر طویل ہے لیکن فلم کی کامیابی ناقابل تردید ہے، فلم پاکستان میں 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز ہوئی اور جلد ہی اگست 2023 تک دنیا بھر میں 400 کروڑ روپے سے زائد کلکشن کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی۔

یہ فلم 1979ء میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’مولا جٹ‘ کا سیکوئل یا ری میک تو نہیں ہے، بلکہ اس فلم کے کرداروں پر مبنی ایک نئی کہانی کو تخلیق کیا گیا ہے، جس کو فلم کی زبان میں ری بوٹ کہا جاتا ہے۔

گزشتہ برس ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو ’ یورپی ملک ناروے میں ہونے والے سالانہ ’بولی وڈ فلم فیسٹیول‘ میں بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

فلم کی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک، گوہر رشید و دیگر اداکار شامل ہیں۔

یہ فلم 2 اکتوبر 2024 کو بھارت میں ریلیز ہوگی اور اس کے ڈسٹریبیوٹرز زی اسٹوڈیوز ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024