• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

افغان قونصل جنرل نے مؤقف دے دیا، ایسی بات نہیں کہ وہ قومی ترانے کی عزت نہیں کرتے، علی امین گنڈاپور

شائع September 18, 2024
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغان قونصل جنرل نے مؤقف دے دیا، ایسی بات نہیں کہ وہ قومی ترانے کی عزت نہیں کرتے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں ’اختیار عوام کا‘ پورٹل کا افتتا ح کرنے کے بعد کابینہ ارکان سے بات کرتے ہوئے افغان قونصل کے پاکستانی ترانے پر کھڑے نہ ہونے کے حوالے سے بتایا کہ افغان قونصل جنرل نے اپنا مؤقف دے دیا ہے، ایسی کوئی بات نہیں کہ وہ ہمارے قومی ترانے کی عزت نہیں کرتے۔

انہوں نے بتایا کہ عوام کو اختیار ملے گا تو مسائل حل ہوں گے، چیف منسٹر پورٹل تمام چیزوں کو دیکھ کر بنایا گیا ہے، ہماری پہلی ترجیح عوام ہے، یہ کام آپ کے ٹیکس کے پیسوں سے ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہرجگہ پر بہتری کی گنجائش ہوتی ہے، پورٹل سے پتا چلے گا کہ آپ کے ٹیکس کے پیسوں سےکیا ہورہا ہے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پرویز خٹک اور محمود خان کے دور میں شکایتی سیلز میں خامیاں تھیں، نئے پورٹل میں خامیوں کو دور کردیا ہے، مزید کہا کہ جلسے کی بھر پور تیار جاری ہے، جو بھی ہوگا آگے پتا چلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی بھرتیوں کو نکالنا ہوگا، عوام کا ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں کرنا ہے، غیر قانونی بھرتیوں بارے تحقیقات کررہے ہیں، کرپشن کرنے والوں کے خلا ف سخت کارروائی ہو گی۔

علی امین نے بتایا کہ اصلاح پہلے ہے، سزا بعد میں اس لیے کہتا ہوں کہ اپنی اصلاح کریں، ہماری پہلی ترجیح عوام ہے، جوبھی اچھی کارکردگی دیکھائے گا اس کو ایوارڈ دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ضم اضلاع میں انفراسٹرکچر کا جائزہ لینے کی ہدایات کی ہے، متعلقہ افسران سے سروے کے بارے میں کہا گیا ہے،اور جو چیزیں نہیں ہورہی ہیں اس کے بارے میں بتائیں تاکہ ہم اس کا مداوا کریں، ہمارا مین فوکس ضم اضلاع پر ہے، ضم اضلاع میں وہاں کے ڈومیسائل کے بغیر کوئی باہر سے آکر بھرتی نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جرگہ سسٹم کو دوبارہ بحال کررہے ہیں، ہمارا جرگہ سسٹم ایک نظام ہے، قبائلی اضلاع میں جرگہ نظام بحال ہوگا، ادارے اور پولیس مل کر جرگے کے ساتھ امن وامان میں کردار ادا کریں گے، ضم اضلاع میں امن وامان کی صورت حال نارمل ہو جائے گی، ہم ان حالات سے غافل نہیں ہیں۔

قبل ازیں پورٹل کے بارے میں کابینہ کو بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورٹل کے ذریعے عام شہری شکایات درج کرسکیں گے اور مختلف امور کا آن لائن جائزہ لے سکیں گے، پورٹل میں عوامی ایجنڈہ، صحت، تعلیم، امن وامان اور میونسپل سروسز کے بارے تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

بریفنگ کے مطابق لینڈ ریونیو،کرپشن، میل پریکٹس اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی جائیں گی، منصوبے کا مقصد حکومتی معاملات میں شفافیت اور جواب دہی کا مضبوط نظام بنانا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024