کینسر کے علاج کے دوران حنا خان کی کیٹ واک نے دل جیت لیے
کشمیری نژاد بھارتی اداکارہ حنا خان نے کینسر کے علاج کے دوران فیشن شو میں دلہن کا عروسی لباس پہن کر کیٹ واک کرکے دل جیت لیے۔
حنا خان نے رواں برس جون میں تصدیق کی تھی کہ ان میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور انہوں نے اپنا علاج شروع کروادیا۔
حنا خان کینسر کی تشخیص کے بعد ہسپتال سے کیموتھراپی سمیت دیگر علاج کی اپڈیٹس بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔
اب حنا خان نے کینسر کے علاج کے دوران ہی فیشن شو میں عروسی لباس پہن کر کیٹ واک کی، جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کی۔
اداکارہ نے فیشن شو میں کیٹ واک کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے بیماری کے دوران یہ کرنا آسان نہ تھا لیکن اس باوجود انہوں نے ہمت اور بہادری سے کام لیا۔
ساتھ ہی حنا خان نے لکھا کہ انہوں نے کافی عرصے بعد عروسی لباس پہنا اور منفرد انداز میں کیٹ واک کی۔
حنا خان نے مزید لکھا کہ والد انہیں ہمیشہ بہادر لڑکی قرار دیا، انہیں رونے سے منع کیا اور کہا کہ وہ اپنی تکالیف اور مسائل کی شکایات کرنا چھوڑ دیں اور بہادری سے ان کا سامنا کریں۔
اداکارہ نے لکھا کہ والد کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وہ بیماری کے دوران بھی اٹھ کھڑی ہوئیں اور انہوں نے عروسی لباس میں کیٹ واک کو ترجیح دی۔
حنا خان کی جانب سے عروسی لباس میں کیٹ واک کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور اسے متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز شخصیات نے بھی انہیں بہادر قرار دیتے ہوئے انہیں خوبصورت بھی قرار دیا۔