• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب، آئینی ترمیم سے متعلق پیکج کی منظوری لیے جانے کا امکان

شائع September 14, 2024
—فائل فوٹو: پی آئی ڈی
—فائل فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب کرلیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ سے آئینی ترمیم کے پیکج کی منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ مین آئینی ترمیم پیش کرنے سے قبل کابینہ سے منظوری لینا ضروری ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں وزارت قانون و دیگر وزارتوں نے آئینی ترامیم کے مسودے پر کام مکمل کرلیا ہے جب کہ کابینہ سے منظوری کے بعد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ آئینی ترمیم قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس طلب کیے گئے تھے جب کہ پارلیمنٹ کا ہفتے کے آخر میں اجلاس بلانا غیر معمولی ہے کیونکہ عام طور پر بجٹ سیشن یا کسی حساس مسئلے کے لیے اجلاس طلب کیا جاتا ہے۔

اگرچہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے باضابطہ طور پر جاری کیے گئے ایجنڈے میں ترمیم کا کوئی ذکر شامل نہیں تھا لیکن اس طرح کی چیزیں عام طور پر ایک ضمنی ایجنڈے کے حصے کے طور پر ایوان کے سامنے رکھی جاتی ہیں۔

آج ہونے والے خصوصی اجلاس کے لیے جمعے کے روز جاری کردہ ایجنڈہ ہی جاری کیا گیا تھا جہاں ایجنڈے میں آئی پی پیز کو کیپسٹی پیمنٹ ادائیگیوں سے متعلق ایم کیو ایم کا توجہ دلاؤ نوٹس شامل تھے جبکہ اس کے علاوہ ایجنڈے میں پاکستان ترقی معدنیات کارپوریشن کی مجوزہ نجکاری سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل تھا۔

حکمران اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے اپنے اراکین کو وفاقی دارالحکومت میں ہی رہنے کی ہدایت کر رکھی ہیں تاکہ قانون سازی کے لیے دونوں ایوانوں میں ان کی موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ پی پی پی کی ایم این اے نفیسہ شاہ آج اپنے والد سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی سالگرہ منانے کے لیے اپنے آبائی شہر جانا چاہتی تھیں، لیکن انہیں وفاق سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 68 سال کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور اس حوالے سے قومی اسمبلی میں آئینی ترامیم پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم کے مشیر وزارت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے گزشتہ روز یہ دعویٰ کیا تھا کہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق بل آج (ہفتہ) کو پیش کیا جائے گا، میرے خیال میں اسے پہلے سینیٹ اور پھر قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا حکومت کو قانون سازوں کی مطلوبہ تعداد کی حمایت حاصل ہے، انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے اپنا ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد دونوں ایوانوں کو اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی بل کی منظوری سے مستفید ہوں گے، بیرسٹر عقیل نے کہا تھا کہ جب کوئی قانون سازی آئین کا حصہ بن جاتی ہے تو اس کا اطلاق تمام متعلقہ افراد پر ہوتا ہے، تاہم ان کی حالیہ وضاحت سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ قانون میں کسی ایک شخص کے لیے تبدیلی میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے اور نہ ہی وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے آن بورڈ تھے۔

حکومت کو قومی اسمبلی میں مزید 13 ارکان کی حمایت درکار

آئینی ترمیم کے لیے حکومت کو پارلیمنٹ میں دو تہائی ارکان اسمبلی کی منظوری درکار ہے، یعنی 336 کے ایون میں سے تقریباً 224 ووٹ درکار ہیں، تاہم ابھی تک ایسا دکھائی دیتا ہے کہ حکومت کے پاس دونوں ایوانوں میں کم از کم ایک درجن ووٹوں کی کمی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی 336 نشستوں میں سے حکومتی بنچوں پر 211 ارکان موجود ہیں جس میں مسلم لیگ (ن) کے 110، پاکستان پیپلز پارٹی کے 68، ایم کیو ایم پاکستان کے 22 ارکان شامل ہیں۔

اس کے علاوہ حکومتی ارکان میں استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ ق کے 4،4، مسلم لیگ ضیا، بلوچستان عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کے 1،1 رکن بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن بنچوں پر 101 ارکان ہیں، سنی اتحاد کونسل کے 80 اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 8 آزاد ارکان کے ساتھ 88 ارکان اسمبلی، جمیعت علمائے اسلام (ف) کے 8 جب کہ بی این پی مینگل، ایم ڈبلیو ایم اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا ایک ایک رکن موجود ہے۔

سینیٹ میں حکومت کو مزید 9 ارکان کی حمایت درکار

آئینی ترمیم کے لیے حکومت کو سینیٹ میں 63 ووٹوں کی ضرورت ہے تاہم ایوان بالا میں حکومتی بینچز پر 54 ارکان موجوود ہیں جن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے 24، مسلم لیگ (ن) کے 19، بلوچستان عوامی پارٹی کے 4 اور ایم کیو ایم کے 3، ارکان شامل ہیں، یعنی حکومت کو آئینی ترمیم کیلئے مزید 9 ووٹ درکار ہوں گے۔

اعلیٰ ایوان کی اپوزیشن بنچز پر پی ٹی آئی کے17، جے یو آئی کے 5، اے این پی کے 3، سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت مسلمین، بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ ق کا ایک ایک سینٹر ہے، اپوزیشن بنچز پر ایک آزاد سینیٹر بھی ہیں، اس طرح سینیٹ میں اپوزیشن بنچز پر 31 سینیٹرز موجود ہیں۔

تاہم حکومتی ذرائع نے آئینی ترمیم کے لیے نمبرز پورے ہونے کا دعویٰ کیا ہے تاہم آئنی ترمیم پیش کیے جانے کے حوالے سے حکومتی رہنماؤں کی جانب سے متضاد بیانات سامنے آئے ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کی راہداری میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئینی ترامیم پیش کریں گے اور ہمارے پاس آئینی ترمیم کے لیے نمبر پورے ہوچکے ہیں۔

اس بارے میں جب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر ججوں کی مدتِ ملازمت میں توسیع کرنی ہے تو پھر یہ کسی ایک جماعت کا فیصلہ نہیں ہو سکتا بلکہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی طے کرے گی کہ اس حوالے سے کیا کرنا ہے۔

تاہم اہم حکومتی اراکین کی تردید کے باوجود باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں ججز کی مدت ملازت میں توسیع کے حوالے سے آئینی ترمیم پیش کی جائے گی اور اس حوالے سے حکومت کے نمبر بھی پورے ہیں۔

دو تہائی اکثریت کے لیے قومی اسمبلی میں 224 اور سینیٹ میں 63 ارکان کے ووٹ درکار ہوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024