• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:52am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:52am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm

منکی پاکس کی پہلی ویکسین کے مشروط استعمال کی منظوری

شائع September 14, 2024
— فوٹو: شٹراسٹروک
— فوٹو: شٹراسٹروک

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے منکی پاکس (ایم پاکس) کے خلاف پہلی ویکسین ایم وی اے-بی این کو مشروط استعمال کرنے کی منظوری دے دی، مذکورہ ویکسین کو باضابطہ طور پر منکی پاکس کے لیے منظور نہیں کیا گیا۔

عالمی ادارہ صحت نے ویکسین کو اب تک کے نتائج کی روشنی میں محفوظ قرار دیتے ہوئے اگرچہ استعمال کرنے کی اجازت دے دی لیکن اسے باضابطہ طور پر منظور نہیں کیا گیا۔

عالمی ادارہ صحت ایسی ویکسینز اور ادویات کی ”پری کوالیفائی“ منظوری دیتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ضرورت مند ممالک یا خطے ویکسین یا دوائی کو استعمال کر سکتے ہیں۔

اب عالمی ادارہ صحت نے بھی ایم وی اے-بی این ”پری کوالیفائی“ فہرست میں شامل کرلیا، جس کا مطلب یہ ہے کہ خطے اور ممالک اسے اپنی مرضی سے استعمال کر سکتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے کہا ہے کہ ایم پاکس کے خلاف مذکورہ پہلی ویکسین اس بیماری کے خلاف جنگ میں انتہائی اہم اقدام ہے، خاص طور پر افریقہ میں پھیلی اس وبا کو روکنے اور مستقبل میں اس بیماری سے لڑنے میں بہت اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکیسن کی مشروط منظوری کے بعد اب ہمیں اس کی خریداری، فنڈز اور ان علاقوں تک فوری طور پر پہنچانے کی ضرورت ہے جہاں اس ویکسین کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اس کے علاوہ اس انفکیشن کو روکنے کے لیے صحت عامہ کے دیگر آلات بھی درکار ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے مشروط منظور شدہ پہلی ویکسین ایم وی اے-بی این 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد میں 4 ہفتوں کے وقفے سے 2 خوراک کے انجیکشن کے طور پر لگائی جا سکتی ہے جب کہ کولڈ اسٹوریج کے بعد ویکسین کو 8 ہفتوں تک 2 سے 8 سینٹی گریڈ پر رکھا جاسکتا ہے۔

ایم وی اے - بی این ویکسین کی ڈبلیو ایچ او کی ”پری کوالیفائی“ فہرست میں شامل کیے جانے کے بعد اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) اور ’گاوی، ویکسین اتحاد‘ جیسی عالمی ایجنسیوں اور حکومتوں کی جانب سے ویکسین کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے میں آسانی ہوگی تاکہ افریقہ سمیت دیگر مقامات پر جاری ہنگامی صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔

ماہرین کی جانب سے ایم وی اے - بی این ویکسین کا جائزہ لیا گیا اور یہ سفارش کی کہ ڈبلیو ایچ او سے منظور شدہ ویکسین زیادہ تر ان لوگوں کو لگائی جائے جو ایم پاکس کے ہائی رسک پر ہوں۔

اگرچہ ایم وی اے - بی این فی الحال یہ ویکسین 18 سال سے کم عمر کے افراد کو لگانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے تاہم یہ ویکسین بغیر منظوری کے بچوں، نوزائیدہ اور حاملہ اور کم امیونیٹی والے لوگوں میں استعمال کی جا سکتی ہے۔

دستیاب اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ایم وی اے - بی این ویکسین ایم پاکس وائرس کے خلاف 76 فیصد موثر ہے جب کہ 2 خوراک ملنے کے بعد یہ 82 فیصد تک موثر ہے۔

یاد رہے کہ افریقہ میں ایم پاکس(منکی پاکس) کے حوالے سے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد عالمی ادارہ صحت نے بھی منکی پاکس کے پھیلاؤ کے پیش نظر عالمی ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ اس وبا کو روکنے اور جان بچانے کے لیے ایک مربوط بین الاقوامی اقدامات ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے گزشتہ ماہ جولائی میں عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دی گئی وبا ”منکی پاکس“ اس وقت پاکستان سمیت دنیا کے 100 سے زائد ممالک تک پھیل چکا اور اس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ تک جا پہنچی۔

کارٹون

کارٹون : 3 دسمبر 2024
کارٹون : 2 دسمبر 2024