• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

اسپیکر نے پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان کیلئے پارلیمنٹ لاجز کو سب جیل قرار دے دیا

شائع September 13, 2024
—فائل فوٹو:
—فائل فوٹو:

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار ارکان کے لیے پارلیمنٹ لاجز کو سب جیل قرار دے دیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کی درخواست منظور کرلی اور پارلیمنٹ لاجز کو سب جیل قرار دینے کی درخواست پر دستخط کردیے۔

اسپیکر کے دستخط کے بعد قومی اسمبلی کے سیکرٹیریٹ نے اس سلسلے میں مراسلہ وزارت داخلہ کو ارسال کردیا۔

قبل گرفتار رہنما پی ٹی آئی زین قریشی نے کہا کہ زیر حراست تمام 10 اراکین اور عامر ڈوگر نے درخواست اسپیکر کو دے دی، عامر ڈوگر ابھی بھی اسپیکر کے پاس بیٹھے ہیں، انہوں نے درخواست دی ہے، اراکین کی سیکیورٹی کے پیش نظر پارلیمنٹ لاجز میں ان کے فلیٹس کو سب جیل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل اسپیکر سردار ایاز صادق نے 10 گرفتار ارکان قومی اسمبلی شیر افضل مروت، ملک محمد عامر ڈوگر، محمد احمد چٹھہ، مخدوم زین حسین قریشی، شیخ وقاص اکرم، زبیر خان وزیر، اویس حیدر جھکڑ، سید شاہ احد شاہ ، نسیم علی شاہ اور یوسف خان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے تھے اور انہیں پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اسپیکر نے پروڈکشن آڈرز قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریقہ کار 2007 کے قاعدہ 108 کے تحت حاصل اختیارات کے تحت جاری کیے تھے۔

اس سے قبل بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وفد نے پروڈکشن آرڈر کے اجرا کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی تھی، پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں بیرسٹر گوہر، داوڑ کنڈی اور علی محمد خان شامل تھے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ ابھی تک گرفتار ممبران کو اسمبلی لانے کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوئے اور انہیں اسپیکر کے حکم پر فوری طور پر اجلاس میں لایا جائے، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اسپیکر نے زبانی کہا تھا اور آج ہم تحریری حکم نامے لیے اسپیکر آفس پہنچے ہیں۔

وفاقی وزرا اسحٰق ڈار، محسن نقوی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس حوالے سے اسپیکر چیمبر میں ایاز صادق سے ملاقات کی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ پروڈکشن آرڈر کے لیے تحریری درخواست کی ضرورت نہیں ہے، امید ہے جلد پروڈکشن آرڈر جاری ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈر ہمارا قانون حق ہے کیونکہ اسمبلی کے فلور سے ممبران کو گرفتار کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024