• KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:15pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:36pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:38pm
  • KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:15pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:36pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:38pm

عمران خان کو قید کی سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کے وارنٹ گرفتاری جاری

شائع September 11, 2024
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے جج ہمایوں دلاور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں، جنہوں نے گزشتہ سال بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو سزا سنائی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) خیبرپختونخوا کی جانب سے دائر درخواست پر جاری کیا گیا، جہاں پاکستان تحریک انصاف حکومت میں ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون بریگیڈیئر (ر) محمد مصدق عباسی کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جج کے خاندان کی زمینوں پر قبضے کے الزام کی تحقیقات کر رہا ہے۔

اینٹی کرپشن نے پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کے (2) 5 کے کرپشن کی روک تھام کے ایکٹ (پی سی اے) کی دفعات 409، 419، 420، 468 اور 471 کے تحت درج مقدمے میں جج ہمایوں دلاور، ان کے والد، رشتے دار اور بھائی کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے ۔

دفعہ 468 جعل سازی کے لیے سات سال تک قید اور جرمانے کی سزا دی جاسکتی ہے، دفعہ 409 سرکاری ملازمین کے ذریعے کی جانے والی معمولی جرائم سے متعلق ہے جبکہ دفعہ 419 (جعلی شناخت) اور دفعہ 420 (دھوکا دہی اور بے ایمانی) بھی شامل ہیں۔

بنوں کے جوڈیشل مجسٹریٹ محبوب الحسن نے اینٹی کرپشن کی درخواست قبول کرتے ہوئے کہا کہ استغاثہ نے دفعہ468 پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کے تحت وارنٹ طلب کیے، جو غیر قابل دست اندازی ہے جبکہ دیگر الزامات قابل دست اندازی ہیں۔

قابل دست اندازی جرائم وہ ہوتے ہیں جن میں پولیس بغیر وارنٹ کے ملزم کو گرفتار کر سکتی ہے، جبکہ غیر قابل دست اندازی جرائم میں پولیس کو ملزم کی گرفتاری کے لیے مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ وارنٹ کی ضرورت درکار ہوتی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے اینٹی کرپشن کو جج اور ان کے خاندان کے ممبران کی گرفتاری کے احکامات دیے، حکم کے مطابق وارنٹ کو ملزم کی گرفتاری اور ان کی عدالت میں پیشی تک مؤثر سمجھا جائے گا۔

گزشتہ سال 5 اگست کو جج ہمایوں دلاور نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی اثاثے ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسداد کرپشن مصدق عباسی نے جج اور ان کے خاندان پر عدالت کے فیصلے میں مداخلت کر کے زمین پر ’غیر قانونی قبضہ‘ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ جج ہمایوں دلاور کے والد دلاور خان اور ان کے بھائی صادق دلدار نے مبینہ طور پر دستاویزات میں جعلسازی کی تاکہ 1.5 ارب روپے مالیت کی زمین اپنے نام منتقل کی جا سکے اور وہاں ہاؤسنگ سوسائٹی تعمیر کی جا سکے۔

کارٹون

کارٹون : 30 دسمبر 2024
کارٹون : 29 دسمبر 2024