عوام نے پی ٹی آئی جلسے کو مسترد کردیا، وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ مسترد کردیا، ناکام جلسے کو کامیاب دکھانے کے لیے فیک ویڈیوز کا سہارا لیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر عطا تارڑ نے ویڈیو بیان میں پی ٹی آئی کے جلسے کو کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی قیادت گھروں سے ہی نہیں نکلی، تبدیلی کا جنون اپنی موت آپ مرگیا، یہ کچھ بھی کرلیں ان کا احتساب ہوکررہے گا، توشہ خانہ، 190ملین پاؤنڈ اور دیگر کیسز کا جواب دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے انقلاب برپا کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے، پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر جھوٹ بولا اور پروپیگنڈا کیا حالانکہ اسلام آباد اور پنجاب میں ٹریفک معمول کے مطابق رہی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز کے ذریعے بند کردیا ہے۔