• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

معین علی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع September 8, 2024
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق انگلش آل راؤنڈر معین نے ڈیلی میل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت 37 سال کا ہوں اور رواں ماہ آسٹریلیا کی سیریز کے لیے مجھے منتخب نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نئی آنے والے کھلاڑیوں کو موقع ملے اور یہ مجھے پہلے ہی بتادیا گیا تھا کہ اور میں انگلینڈ کے لیے بہت کرکٹ کھیل چکا ہوں لہذا مجھے محسوس ہوا کہ یہی درست وقت ہے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی جائے۔

2014 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے معین علی نے بطور آل راؤنڈر 68 ٹیسٹ، 138 ون ڈے اور 92 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے، انہوں نے آخری بار ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی۔

انہوں نے انگلینڈ کے لیے تمام فارمیٹس میں 6 ہزار 678 رنز بنائے جس میں 8 سنچریاں، 28 نصف سنچریاں شامل ہیں جب کہ انہوں نے 366 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

معین علی کا کہنا تھا کہ مجھے انگلینڈ کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، جب آپ پہلی بار انگلینڈ کے لیے کھیلتے ہیں، تو آپ کو نہیں معلوم ہوتا کہ آپ کتنے میچز کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی سالوں کے دوران میں نے صرف ٹیسٹ کرکٹ کھیلی لیکن پھر جب ایون مورگن نے وائٹ بال کی کپتانی سنبھالی تو وہ وقت بہت اچھا تھا لیکن ٹیسٹ کرکٹ زیادہ بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اب بھی انگلینڈ کی نمائندگی کرسکتا ہوں لیکن میں ایسا کروں گا نہیں، مجھے حقیقت پسند بننا ہوگا اور یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ میں زیادہ بہتر نہیں ہوں اور ٹیم کو آگے بڑھنا ہوگا۔

معین علی نے کہا کہ لوگ اکثر بھول جاتے ہیں کہ آپ نے کیا کردار ادا کیا، بظاہر 20 یا 30 رنز کم ہوسکتے ہیں لیکن ان 20،30 رنز نے میچز کو تبدیل کیا، جب تک مجھے لگا کہ لوگ مجھے کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، میں کھیلتا رہا اور خوش تھا۔

خیال رہے کہ معین علی فرنچائز کرکٹ کھیتے رہیں گے اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تھوڑی بہت فرنچائز کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں لیکن بنیادی طور پر میں کوچنگ کرنا چاہتا ہوں اور ایک بہترین کوچ بننا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے نیوزی لیند کے سابق کپتان اور انگلینڈ کے حالیہ کوچ برینڈن میک کالم سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے، مجھے امید ہے کہ لوگ مجھے یاد رکھیں گے۔

واضح رہے کہ معین علی اس وقت کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کھیلنے کی تیاری کررہے ہیں، جہاں انہوں نے دفاعی چیمپئن گیانا ایمیزون واریئرز کے متبادل کھلاڑی کے طور پر سائن اپ کیا ہے۔

اپنے کریئر کے بہترین لمحات سے متعلق انہوں نے کہا کہ ٹی20 اور ون ڈے ورلڈکپ جیتنے کے علاوہ ایشز سیریز یادگار لمحات میں شامل ہیں جب کہ انفرادی کارکردگی کی بات کروں گا تو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ ہیٹ ٹرک اور 2022 میں جنوبی افریقہ کے ہی خلاف ٹی20 میں انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری شامل ہے۔

واضح رہے کہ معین علی اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے تھے تاہم انگلش کرکٹ بورڈ نے انہیں دوبارہ ٹیسٹ کھیلنے پر آمادہ کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025