• KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:49am
  • ISB: Fajr 4:30am Sunrise 5:54am
  • KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:49am
  • ISB: Fajr 4:30am Sunrise 5:54am

بھارت: شورش زدہ ریاست منی پور میں راکٹ حملے کے بعد اسکول بند

شائع September 7, 2024
حملےکے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور 6 افراد زخمی ہوئے — فائل فوٹو: اے ایف پی
حملےکے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور 6 افراد زخمی ہوئے — فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں راکٹ حملے کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور 6 افراد کے زخمی ہونے کے بعد ہفتے کے دن سے اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی شمالی مشرقی ریاست میں ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل اکثریت کی حامل ہندو میتی برادری اور مسیحی کوکی برادری کے درمیان لڑائی چھڑ گئی تھی۔

اس کے بعد سے یہ تنازع شدت اختیار کر گیا اور ساتھ رہنے والی برادریوں کو نسلی بنیادوں پر تقسیم کرنے کا سبب بن گیا تھا۔

مقامی حکومت کے ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے تمام اسکول ہفتے کو بند کیے جارہے ہیں تاکہ طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کی جا سکے۔

ایک دن قبل ایک باغی گروپ نے ریاست کے بشنوپور ضلع میں راکٹ فائر کیے تھے جس کی ذمہ داری مقامی پولیس نے ’کوکی عسکریت پسندوں‘ پر عائد کی تھی، جبکہ پولیس کے ایک بیان کے مطابق حملے میں 78 سالہ شخص ہلاک اور 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حملے کا جواب دینے والے افسران پر مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں نے فائرنگ کی لیکن پولیس ٹیم نے بھرپور جوابی کارروائی کے ساتھ ان کا حملہ پسپا کر دیا۔‘

مقامی میڈیا کے مطابق منی پور کے سابق وزیرِ اعلیٰ آنجہانی میرین بام کوئرنگ سنگھ کی رہائش گاہ پر راکٹ گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔

اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ نے نامعلوم سیکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ راکٹ ’دیسی ساختہ گولہ بارود‘ لگتا ہے جو دھماکا خیز مواد کو جستی لوہے کے پائپوں سے منسلک کر کے بنایا گیا تھا۔

اس حملے سے قبل باغیوں نے ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے دھماکا خیز مواد گرایا تھا جس کو پولیس نے ریاست میں تشدد میں ’نمایاں اضافہ‘ قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ میتی اور کوکی برادریوں کے درمیان قلیل مدتی کشیدگی زمین اور سرکاری ملازمتوں کے حصول کے گرد گھومتی ہے، جبکہ انسانی حقوق کے کارکنان کا الزام ہے کہ مقامی قائدین اپنے سیاسی فائدے کے لیے نسلی تقسیم کو ہوا دیتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024