اسلام آباد: نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کردیا
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ کی حدود میں نا معلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کردیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ اسلام آباد میں تھانہ مارگلہ کے علاقے میں واقع نجی ٹاور میں کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی شناخت کاوش اور شہزاد ستی کے ناموں سے ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق مقتول شہزاد ستی کرنسی ڈیلر ڈیلر تھا جب کہ وقوعہ میں جاں بحق ہونے والا کاوش نامی شہری سیکیورٹی گارڈ تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آفس میں لڑائی ہوئی جس کے باعث مخالفین نے فائرنگ شروع کر دی، ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مارگلہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
دوسری جانب اسلام آباد کے کرنسی ایکسچینجرز نے کرنسی ڈیلر شہزاد ستی کے قتل کےخلاف ہڑتال کا اعلان کردیا۔
ایسوسی ایشن نے الزام لگایا کہ شہزاد ستی کے قتل میں نجی ٹاور کی انتظامیہ ملوث ہے۔
رپورٹس کے مطابق نجی ٹاور میں 2 گروپوں میں لڑائی فلیٹ رینٹ پر لینے کے لیے ہوئی، 10 سے 12 افراد نے آتے ہی حملہ کیا، اس دوران فائرنگ سے شہزاد ستی اور ٹاور کا گارڈ جاں بحق ہوگئے۔