• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

وزیراعظم کی چوہدری نثار کی رہائش گاہ آمد، بہن کے انتقال پر تعزیت کی

شائع September 7, 2024
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

طویل عرصے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور ان کی بہن کے انتقال پر تعزیت کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ شہباز شریف نے چوہدری نثار خان کی بہن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

چوہدری نثار علی خان کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

چوہدری نثار علی خان جو کبھی مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما تھے، 34 سال سے زائد عرصے تک پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد 2018 میں جماعت سے الگ ہوگئے تھے۔

اس وقت چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے ضمیر کے مطابق کیا، میں طویل عرصے سے مسلم لیگ (ن) کا حصہ ہوں، میں اقتدار کی نہیں، عزت کی سیاست کرتا ہوں۔

بعد ازاں انہوں نے 2018 کے انتخابات میں راولپنڈی کی 4 قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا اور دعویٰ کہ ان کی جماعت نے زیادہ تر ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی کے بعد پی ٹی آئی نے منحرف رہنما کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی لیکن پارٹی کے بانی عمران خان کے ساتھ ’ذاتی تعلقات‘ کے باوجود انہوں نے شمولیت سے انکار کردیا۔

وزیر اعظم آفس کی ایک اور پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل آف پولیس سید علی ناصر رضوی کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ماں جیسی عظیم نعمت کو کھو دینے کا غم سوگوار شخص کے ساتھ ہمیشہ رہتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024