دوران ڈیوٹی ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر کراچی پولیس کے 6 اہلکار معطل
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے دوران ڈیوٹی ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر کراچی پولیس کے 6 اہلکاروں کو معطل کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکاروں کی جانب سے دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
ایڈیشنل آئی جی نے 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے جن میں دو خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔
کراچی پولیس کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق متعلقہ ایس ایس پیز کو اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
معطل ہونے والے اہلکار پریڈی، 15 مددگار، درخشاں، فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا اور شاہ فیصل میں تعینات ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال کے اوائل میں صوبہ سندھ کی ریپڈ ریسپانس فورس (آر آر ایف ) نے پولیس اہلکاروں پر یونیفارم پہن کر ٹک ٹاک بنانے پر پابندی عائد کردی تھی تاہم اس کے باوجود پولیس اہلکاروں کی جانب سے ویڈیوز بنانے کا سلسلہ جاری تھا جس پر اہلکاروں کو معطل کیا گیا۔
دو روز قبل کراچی پولیس کی ایک اور خاتون پولیس اہلکار کانسٹیبل ماریہ گِل کو دوران ڈیوٹی ٹک ٹاک ویڈیو بنانے اور اپنی ٹیم کی لوکیشن افشا کرنے پر معطل کردیا گیا تھا۔