• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm

وزیر تعلیم پنجاب کا گوجرانوالہ میں طالبات سے زیادتی کا نوٹس، دو اساتذہ معطل

شائع September 5, 2024
فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے گوجرانوالہ میں اسکول میں طالبات سے زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دو اساتذہ کو معطل کرتے ہوئے اسکول کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم نے گوجرانوالہ میں طالبات کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے انسانیت سوز واقعے کا نوٹس لے لیا۔

وزیر تعلیم کی ہدایت پر سیکریٹری لٹریسی سید حیدراقبال نے ڈپٹی ڈائریکٹر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر لٹریسی اور ڈی ای او گوجرانوالہ پر مشتمل محکمے کے اعلیٰ افسران کی تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کرتے ہوئے 24 گھنٹے میں انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔

سیکرٹری لٹریسی نے محکمہ جاتی تحقیقاتی ٹیم فی الفور گوجرانوالہ روانہ کردی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے، تحقیق کرنے اور متاثرہ طالبات، والدین اور اہلیان علاقہ کے بیانات قلمبند کر کے فوری رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر تعلیم اورسیکرٹری لٹریسی سیدحیدراقبال نے واضح کیا ہے کہ بچیوں سے زیادتی کے ملزم کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور متاثرہ بچیوں کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

واضح رہے کہ گوجرانوالہ میں سرکاری اسکول میں تین بچیوں سے زیادتی اور دو ہراساں کرنے کے واقعات رپورٹ ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اسکول کی 5 طالبات کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی ویڈیوز بنا رکھی تھیں، متاثرہ بچیوں سے زیادتی کے انکشافات پر پولیس نے والدین کی مدعیت میں 5 الگ الگ مقدمات درج کرکے بچیوں کے میڈیکل کروائے، ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہونے پر ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم کے مطابق 3 بچیوں سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 2 سے زیادتی کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف زیادتی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیےگئے ہیں اور اس کے موبائل سے برہنہ تصاویر اور ویڈیوز برآمد کرلی گئی ہیں۔

سی پی او نے کہا کہ تمام تر شواہد اکٹھا کرکے لیبارٹری بھجوائے جارہے ہیں اور کیس کی میرٹ پر تفتیش کرکے ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024