• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کارساز حادثے میں ملوث ملزمہ کے شوہر دانش اقبال کی عبوری ضمانت منظور

شائع September 4, 2024
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کارساز حادثہ کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال کی عبوری ضمانت منظور کرلی جب کہ ملزمہ کی درخواست ضمانت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے کارساز حادثے میں ملوث مرکزی ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ واقعے سے دانش اقبال کا کوئی تعلق نہیں، جس گاڑی سے حادثہ ہوا وہ بھی دانش اقبال کے نام پر نہیں ہے۔

دانش اقبال کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گاڑی کمپنی کے نام پر ہے جس میں دانش اقبال ایک ڈائریکٹر ہے، عدالت نے دانش اقبال کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب، عدالت نے حادثے کی مرکزی ملزمہ نتاشا دانش کی درخواست ضمانت پر بھی سماعت کی، عدالت نے ملزمہ نتاشا کی درخواست ضمانت پر سرکاری وکیل ، مدعی مقدمہ اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 6 ستمبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔

بعد ازاں، عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نتاشا دانش کے وکیل عامر منصوب نے کہا کہ میڈیا پر کیس سے متعلق بہت سی باتیں چل رہی ہیں تاہم نتاشا کا ذہنی توازن درست نہیں، وہ 18 اگست 2005 کو پہلی بار ذہنی امراض کے وارڈ میں داخل ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نتاشا کے ہسپتال کا ریکارڈ عدالت میں پیش کررہے ہیں، وقوعہ کے روز بھی نتاشا کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی، نتاشا کی میڈیکل رپورٹ پر تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے شراب نوشی ٹیسٹ کے لیے نتاشا کے خون اور پیشاب کے نمونے لیے تھے لیکن ٹیسٹ کی رپورٹ عجیب ہے، پیشاب کے نمونے میں میتھا فیٹا مائن ہے مگر اس کے آثار خون میں نہیں۔

وکیل نے بتایا کہ نتاشا ذہنی مریضہ ہیں اور اس حوالے سے دوا بھی لیتی ہیں، ہوسکتا ہے کہ ان کے نمونوں میں ان دواؤں کا کوئی کیمیکل ہو، میڈیکل رپورٹ کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ کارساز حادثے میں ملزمہ نتاشہ کے شوہر دانش اقبال کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔

دانش اقبال کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ دانش اقبال کی گرفتاری کا خدشہ ہے لہذا ان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، ان کا اس سارے واقعے سے کوئی تعلق نہیں، دانش اقبال کی اہلیہ نتاشہ جیل میں ہیں۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جب کہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے، عینی شاہدین نے بتایا کہ جیپ چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024