حکومتی یقین دہانی پر یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان
یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین نے حکومتی وفد سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین نے بتایا کہ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے یقین دہانی کروائی ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز بند نہیں کیے جائیں گے لہٰذا حکومتی یقین دہانی پر دھرنا ختم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو دوبارہ دھرنا دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹوز کی بندش کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس فیصلے کے خلاف 26 اگست سے یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین نے ڈی چوک میں دھرنا دیا ہوا تھا۔
دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے دھرنا دینے والے ملازمین کو ریڈ زون میں داخلے سے روکنے کے لیے علاقے کو کنٹینر لگا کر سیل کردیا تھا۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ایک سرکاری ادارہ ہے جس کی بنیاد 1971 میں رکھی گئی تھی اور اس کے تحت ملک بھر میں 4ہزار اسٹورز چلائے جاتے ہیں جس کا مقصد عوام کو رعایتی نرخوں پر ضروری اشیا فراہم کرنا ہے۔