نئی فلمیں فلاپ، بھارت میں پرانی بولی وڈ فلمیں دوبارہ ریلیز
دنیا کی سب سے زیادہ فلمیں بنانے والی بھارتی انڈسٹری ان دنوں زوال کا شکار ہے، جس وجہ سے وہاں کے سینما مالکان نے 1980 کے بعد کی مقبول ترین بلاک بسٹر فلموں کو دوبارہ ریلیز کرنا شروع کردیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارت میں رواں ماہ سلمان خان کی “ میں نے پیار کیا، ہم آپ کے ہیں کون“ شاہ رخ خان کی ”ویر زارا، پردیس اور چک دے انڈیا“ سمیت شعلے اور تیزاب جیسی مقبول ترین فلموں کو بھی دوبارہ ریلیز کیا جا رہا ہے۔
بھارت میں بولی وڈ فلموں کو دوبارہ ریلیز کرنے کا آغاز اگرچہ گزشتہ برس ہی ہوچکا تھا، تاہم پچھلے سال تک ایسا محدود تھا لیکن اب متعدد فلموں کو دوبارہ ریلیز کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
نشریاتی ادارے ٹائمز ناؤ کے مطابق میگا بجٹ نئی بولی وڈ فلموں کی خراب کہانیوں اور فلاپ ہونے کے بعد سینما مالکان نے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے پرانی فلموں کو دکھانے کا فیصلہ کیا۔
سینما مالکان کے مطابق اگرچہ پرانی فلموں کی کمائی بہت زیادہ نہیں لیکن پرانی فلموں کی وجہ سے سینما بھرے رہتے ہیں اور اخراجات نکل آتے ہیں۔
مالکان کے مطابق نئی فلموں کے کم بننے، فلموں کو اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کیے جانے اور فلموں کی بیکار کہانی کی وجہ سے نئی فلموں کو کم دیکھا جا رہا ہے۔
سینما مالکان اور فلم ڈسٹری بیوٹرز کے مطابق بولی وڈ کی میگا بجٹ فلمیں بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام ہو رہی ہیں، جس وجہ سے 1990 کی کلاسیکل فلموں کو دوبارہ ریلیز کیا جا رہا ہے۔
شائقین کے مطابق 1980 اور 1990 کی دہائی کی مقبول فلموں کو انہوں نے کبھی بڑے پردے پر نہیں دیکھا، اس لیے انہیں اپنی پسندیدہ فلموں کو سینما میں دیکھنا کا چانس ملا، اس لیے وہ پرانی فلموں کو دیکھنے کے لیے سینماؤں کا رخ کر رہے ہیں۔
سینما مالکان کے مطابق پرانی فلموں کو ریلیز کیے جانے سے ان کے اخراجات بھی نکل رہے ہیں اور سینمائیں بھی ٰخالی نہیں ہو رہیں۔
بھارت میں رواں ماہ ستمبر میں شاہ رخ خان، سلمان خان، انیل کپور اور امیتابھ بچن جیسے اداکاروں کی مقبول ترین پرانی فلمیں دوبارہ سینماؤں میں دکھائی جائیں گی۔