• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو برطرف کرنے کی سفارش

شائع September 2, 2024
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو محکمہ جیل نے فرائض میں غفلت برتنے پر نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع محکمہ جیل خانہ جات نے بتایا ہے کہ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کے خلاف مئی 2024 میں اڈیالہ جیل کے ہسپتال میں دو قیدیوں کی ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونےکے معاملےکی انکوائری کی جارہی تھی۔

انکوائری کے دوران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت 6 عہدیداروں کو قصوروار قرار دیا گیا اور قانونی پہلوؤں و قواعد کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق ڈپٹی سپرٹنڈنٹ کو نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش کی گئی۔

لاپتہ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو 7 روز میں جواب جمع کروانے کا شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جب ایک عہدیدار متعلقہ جیل میں ہی موجود نہیں تو اس کا سرکاری گھر بھی خالی کروانا قواعد کے مطابق ہے۔

واضح رہے حساس اداروں نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان کے لیے مبینہ سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو حراست میں لیا تھا۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام رسانی، ان کے لیے سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کا بھی الزام تھا۔

جس کے بعد 16 اگست کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی بازیابی کی درخواست پر تھانہ صدر بیرونی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔

درخواستگزار کی وکیل نے بتایا تھا کہ14 اگست سے اکرم سے متعلق کچھ معلوم نہیں ، تھانہ صدر بیرونی پولیس کو مقدمے کے اندراج کی درخواست دی لیکن ابھی ایف آئی آر نہیں ہوئی۔

22 اگست کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس اور جیل انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا ہے، جبکہ وزارت دفاع کی ابتدائی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی تھی، دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے وزارت دفاع کی ابتدائی رپورٹ عدالت میں پیش کی جبکہ صدر بیرونی پولیس نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سے متعلق درج مقدمے کی کاپی عدالت میں پیش کی تھی۔

عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ سیکرٹری دفاع سے بیان حلفی لے لیتے ہیں سب ٹھیک ہو جائے گا، ساتھ ہی عدالت نے پولیس اور جیل انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایک بندہ مسنگ ہے، جیل انتظامیہ اور پولیس سوئی ہوئی ہے۔

27 اگست کو سماعت کے دوران عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے جمع کرائے گئے سٹی پولیس افسر (سی پی او) راولپنڈی کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں اگلی سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

بعدازاں 29 اگست سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم بازیابی کیس میں عدالت نے مغوی کی فیملی کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

دوران سماعت عدالت نے مزید ریمارکس دیے لاپتا افراد کا مسئلہ کافی الارمنگ ہو چکا ہے، پتہ چلتا ہے بندہ یہاں لاپتا ہے لیکن افغانستان بیٹھا ہوا ہے، سی پی او روالپنڈی نے محمد اکرم کی بازیابی کے لیے 14 روز کی مہلت مانگی۔

عدالت نے محمد اکرم کی بازیابی کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024