شوبز شخصیات کی حادثے کے بعد انجلینا ملک کو ہراساں کرنے کی مذمت
کراچی کے علاقے کلفٹن میں کار حادثے کے بعد اداکارہ انجلینا ملک کو ہجوم کی جانب سے ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات اداکارہ کے دفاع میں سامنے آگئیں۔
اداکارہ انجلینا ملک کی گاڑی کے ساتھ حادثے کی ویڈیو 30 اگست کو وائرل ہوئی تھی، جس میں لوگوں کو انہیں ہراساں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
حادثے کے بعد وائرل ہونے والی ویڈیو میں انجلینا ملک کو گاڑی کے اندر بیٹھا دیکھا گیا تھا، تاہم ہجوم کی جانب سے ان کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر انہیں باہر نکلنے کے لیے دباؤ ڈالتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔
وائرل ویڈیو میں اداکارہ ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ کر ہجوم کو سمجھاتی دکھائی دی تھیں کہ وہ فرار نہیں ہو رہیں، وہ یہیں موجود ہے اور ان کا فون واپس کیا جائے، ہجوم میں شامل افراد نے ان کا فون بھی اٹھالیا تھا۔
اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انہیں ہراساں کرنے کی مذمت کی۔
اداکارہ غنا علی نے انجلینا ملک کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے بعد انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ اداکارہ نشے میں نہیں تھیں اور لوگوں نے انہیں ہراساں کرتے ہوئے ان کا فون بھی اٹھا لیا۔
غنا علی نے لکھا کہ انجلینا ملک کو صرف اداکارہ ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا، افسوس کی بات یہ ہے کہ ہجوم میں شامل باحجاب خاتون نے بھی انہیں ہراساں کیا اور ان کا فون واپس نہیں کر رہیں۔
غنا علی نے لکھا کہ وائرل ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ انجلینا ملک نے کوئی غلط نہیں کیا، وہ اچھے طریقے سے سب کے ساتھ پیش آ رہی ہیں لیکن ہجوم انہیں ہراساں کر رہا ہے۔
اداکارہ امر خان نے بھی انجلینا ملک کے حق میں پوسٹ کی اور انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ وہ کارساز روڈ پر لوگوں کی جان لینے والی امیر زادی نتاشا اقبال کی طرح نشے میں نہیں تھیں اور نہ ہی وہ وہاں سے فرار ہوئی ہیں لیکن اس باوجود انہیں ہراساں کیا گیا۔
امر خان نے ہجوم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ وہ سرعام روڈ پر ایک خاتون کو ہراساں کر رہے ہیں اور ان کی اس طرح کی حرکتیں خواتین کو غیر محفوظ کراتی ہیں۔
انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ اگر اس طرح کا کوئی روڈ ایکسیڈنٹ ہوجائے تو اس وقت حادثے کے شکار افراد کو ہراساں کرنے کے بجائے انہیں مدد کی پیش کش کریں، روڈوں پر موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی آپس میں ٹکر عام بات ہے، اس لیے اس طرح خواتین کو ہراساں نہ کریں۔
روڈ حادثے کی ویڈیو وائرل ہونے کے باوجود تاحال انجلینا ملک نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔