• KHI: Zuhr 12:39pm Asr 4:24pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:39pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:39pm
  • KHI: Zuhr 12:39pm Asr 4:24pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:39pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:39pm

پاکستان اور بنگلہ دیش کا ترقی وخوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

شائع August 30, 2024
وزیراعظم نے پروفیسر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی — فائل فوٹو
وزیراعظم نے پروفیسر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی — فائل فوٹو

پاکستان اور بنگلہ دیش نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ مفاہمت وزیر اعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران طے پائی۔

بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ وسیع تر علاقائی تعاون جنوبی ایشیا کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

وزیراعظم نے پروفیسر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور بنگلہ دیش کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے حالیہ سیلاب سے ہونے نقصانات پر بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ 9 اگست کو وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں پاک-بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں محمد یونس کو بنگلہ دیشی چیف معاون کے طور پر حلف اٹھانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ بنگلہ دیش کو ہم آہنگ اور خوشحال مستقبل کی طرف گامزن کرنے میں کامیابی حاصل کریں۔

شہباز شریف کے مطابق وہ محمد یونس کے ساتھ مل کر بنگلہ دیش اور پاکستان کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے خواہشمند ہیں۔

یاد رہے کہ 8 اگست کو نوبیل انعام یافتہ ماہر معاشیات محمد یونس نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ کے طور پر حلف اٹھا لیا تھا۔

5 اگست کو بنگلہ دیش میں کئی ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد 15 سال سے حکومت پر براجمان شیخ حسینہ واجد عہدے سے استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔

مظاہرے طلبہ رہنماؤں کی قیادت میں ہوئے جس میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

وزیر اعظم حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد محمد یونس کو مظاہروں کی قیادت کرنے والے طلبہ کے مطالبے پر عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

احتجاج کرنے والے طلبہ کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد یونس نے کہا تھا کہ وہ بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کی سربراہی کے لیے تیار ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025