• KHI: Zuhr 12:27pm Asr 4:54pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 4:25pm
  • ISB: Zuhr 12:03pm Asr 4:30pm
  • KHI: Zuhr 12:27pm Asr 4:54pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 4:25pm
  • ISB: Zuhr 12:03pm Asr 4:30pm

میری شادی کے لیے مسجد میں اعلان کیا گیا کہ لڑکی دستیاب ہے، ثمن انصاری

شائع August 29, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ ثمن انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے بیرون ملک گئیں تو وہاں ان کے نانا اور نانی نے مسجد میں اعلان کروایا کہ لڑکی شادی کے لیے دستیاب ہے۔

ثمن انصاری حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت اپنی ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے ذاتی زندگی پر بات کرتےہوئے کہا کہ ان کی پہلی شادی 16 سال تک چلی لیکن اس بعد ان کی طلاق ہوگئی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کم عمری میں ہی کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران ہی شادی کرلی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ شادی اور پڑھائی کے دوران کبھی وہ امریکا تو کبھی کینیڈا منتقل ہوتی رہتی تھیں، کیوں کہ کبھی ان کے شوہر کی ملازمت امریکا میں لگتی تو کبھی وہ کینیڈا چلے جاتے۔

ان کے مطابق شادی کے بعد انہیں بیٹا بھی ہوا لیکن بعد ازاں ان کی طلاق ہوگئی، جس کے بعد وہ امریکا اور کینیڈا سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل ہوگئیں، جہاں دبئی میں انہوں نے مختلف ملازمتیں کرکے گزر بسر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ طلاق کے قوانین کے مطابق وہ براہ راست پاکستان منتقل نہیں ہوسکتی تھیں کیوں کہ ایک شرط یہ بھی تھی کہ بچے کی تعلیم ان ہی اسکولوں میں برقرار رہے، جہاں وہ پڑھتے رہے تھے۔

ثمن انصاری کے مطابق اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان میں طلاق یافتہ خواتین کو ملنے والے طعنوں اور خصوصی طور پر والدین کو ملنے والے طعنوں کی وجہ سے بھی ملک میں نہ آنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ طلاق کے فوری بعد پاکستان آجاتیں تو لوگ ان کے والدین کو طعنے دیتے کہ خاتون نے طلاق لے لی، پھر بیٹے کو بھی چھوڑ کر آگئیں، کردارکشی کی جاتی، اس لیے انہوں نے دبئی میں رہائش اختیار کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان سے اعلیٰ تعلیم کے لیے کینیڈا گئی تھیں، وہاں ان کے نانا اور نانی نے ان کی شادی کرادی۔

ثمن انصاری کے مطابق جیسے ہی وہ کینیڈا گئیں تو ان کے نانا اور نانی نے مسجد میں اعلان کروایا کہ لڑکی شادی کے لیے دستیاب ہے، شادی کے خواہش مند افراد رابطہ کریں۔

انہوں نے بتایا کہ کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں کمیونٹی سسٹم کے تحت ماضی میں ایسے ہی شادیاں کرائی جاتی تھیں، اس وقت واٹس ایپ یا دیگر سوشل میڈیا ایپس اور ویب سائٹس نہیں تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مسجد میں شادی کا اعلان ہونے کے بعد ان کی منگنی ہوئی اور وہ پہلی بار شوہر سے منگنی کے دن ملے۔

ثمن انصاری کا کہنا تھا کہ بڑوں کی رضامندی سے انہوں نے کمیونٹی انداز میں کم عمری میں شادی کی جو کہ 16 سال چلی، پھر ان کی شادی طلاق پر ختم ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 13 ستمبر 2024
کارٹون : 12 ستمبر 2024