• KHI: Asr 4:52pm Maghrib 6:35pm
  • LHR: Asr 4:23pm Maghrib 6:07pm
  • ISB: Asr 4:28pm Maghrib 6:13pm
  • KHI: Asr 4:52pm Maghrib 6:35pm
  • LHR: Asr 4:23pm Maghrib 6:07pm
  • ISB: Asr 4:28pm Maghrib 6:13pm

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

شائع August 29, 2024
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کرتے ہوئے بتایا کہ افغان عبوری حکومت کو تسلیم کرنے پر ہمارا موقف پہلے سے واضح ہے، ہم اپنے ریجنل پارٹنرز کو اعتماد میں لے کر ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے جاری آپریشن پر شدید تشویش مذمت کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اسرائیل کے خلاف فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ اسرائیلی دراندازی بین الاقوامی قانون کی ایک اور صریح خلاف ورزی ہے جس میں چوتھے جنیوا کنونشن سمیت مقبوضہ علاقوں میں شہریوں کو بلا امتیاز نشانہ بنانے کی ممانعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بار بار اسرائیل کی خلاف ورزیاں اور طاقت کا غیر متناسب استعمال بین الاقوامی قانون میں درج اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان غزہ کے علاقے خان یونس میں گرینڈ مسجد پر بمباری کی مذمت کرتا ہے، یہ گہری ثقافتی اور مذہبی اہمیت کی جگہ پر ایک سنگین حملہ ہے، مسلح تصادم کی صورت میں ثقافتی املاک کے تحفظ کے لیے 1954 کے ہیگ کنونشن کے تحت مذہبی مقامات کو نشانہ بنانا ممنوع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی ان صریح خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے، فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرے اور اسرائیل کو غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی کرنے، نسل کشی اور جنگی جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرائے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دعوت نامہ بھجوایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے سربراہان کو دعوت نامے بھجوائے گئے ہیں۔

انہوں نے تصدیق کی کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی دعوت نامہ بھجوایا گیا ہے، ہمیں کچھ ممالک سے اجلاس میں شرکت کی تصدیق بھی موصول ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق وقت آنے پر آگاہ کیا جائے گا کہ کس کس ملک نے تصدیق کی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کا اجلاس ستمبر میں پاکستان میں ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکریٹری خارجہ سیشن آف کونسل آف فارن منسٹرز (سی ایف ایم) پر موجود ہیں ، سیکریٹری خارجہ وہاں پر غزہ اور جموں کشمیر پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے، وہ دہشت گردی سمیت دیگر عالمی مسائل پر گفتگو کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم خان یونس میں اسرائیل کی جانب سے تاریخی مسجد پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سید علی شاہ گیلانی کی برسی یکم ستمبر کو منائی جائے گی، سید علی گیلانی کشمیر کی جہدوجہد کی توانا آواز تھے۔

ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بھارت کی براہ راست دوطرفہ تجارت نہیں ہے، تاہم اگر کوئی یک طرفہ درآمدات کرتا ہے تو وہ ممکن ہے، اس حوالے سے آپ وزرات تجارت سے رابطہ کریں۔

ترجمان دفترخارجہ نے واضح کیا کہ وزارت پیٹرولیم اور قانونی ٹیم گیس پائپ لائن منصوبے پر ایران کی جانب سے عالمی ثالثی عدالت جانے کا معاملہ دیکھ رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق امریکا میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ سے متعلق کچھ نئی معلومات نہیں آئیں، امریکی حکام کے انتظار میں ہیں کہ وہ معلومات شیئر کریں۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024