• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am

محکمہ موسمیات کی کراچی میں 150 سے 200 ملی میٹر بارش کی پیشگوئی

شائع August 28, 2024 اپ ڈیٹ August 29, 2024
فائل فوٹو: آن لائن
فائل فوٹو: آن لائن

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران شہر میں شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات سے جمعہ تک کراچی میں 150 سے 200 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ بارش برسانے والا سسٹم کراچی سے 250 کلومیٹر فاصلے پر ابھی بدین اور تھرپارکر کے نزدیک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارش برسانے والے سسٹم کی شدت میں جمعرات کی شام سے جمعے کی دوپہر تک اضافہ متوقع ہے اور اس دوران شہر کراچی میں 150 سے 200 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم تاحال برقرار ہے اور شہر میں بارش کا سلسلہ 31اگست تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کو بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 62 ملی میٹر بارش گلشن حدید میں ہوئی جبکہ بن قاسم میں 44.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح سرجانی ٹاؤن میں 19 ملی میٹر، کورنگی میں 18، یونیورسٹی روڈ پر 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ کیماڑی میں 14.5، ڈی ایچ اے فیز 2 میں 13.4، جناح ٹرمینل 12.8، شارع فیصل پر 12 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ قائد آباد میں 11 ملی میٹر، گلشن معمار میں 10.4، گڈاپ میں 10.1، صدر میں 10 ملی میٹر جبکہ نارتھ کراچی میں 8.4، ناظم آباد میں 7.8 اور اورنگی ٹاؤن میں 5.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے لیے کیے گئے انتظامات صرف دعوؤں کی حد تک محدود نظر آئے اور شہر کی کئی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024