مریم نواز کی شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان آمد، ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں کچے میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان پہنچیں جہاں انہوں نے شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا۔
مریم نواز شریف نے کچے میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی زیر علاج پولیس اہلکاروں وسیم ارشد، بلال، فاروق، نبیل شہزاد، زاہد، سعید اور محمد ایوب کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے زخمی جوانوں کے والدین اور اہل خانہ سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر زخمی سپاہی بلال نے کہا کہ حوصلے بلند ہیں، ٹھیک ہو کر پھر مقابلہ کریں گے، امن دشمنو ں سے لڑتے رہیں گے۔
مریم نواز شریف نے پرعزم جوان بلال کو شاباش دی اور اسے قابل فخر قرار دیا، انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان بھائیوں اور بیٹوں کی مانند ہیں، ان کی تکلیف کو اپنی پریشانی سمبھتی ہوں، حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
وزیر اعلی پنجاب نے ہسپتال کے ڈاکٹر اور اسٹاف کی بھی بات سنی اور مسائل حل کرنے کی ہدا یت کی، اس موقع پر چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان ، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، ایڈیشنل آئی جیز، پولیس اور انتظامی حکام بھی مریم نواز کے ہمراہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ دو روز صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔
صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے دو پولیس موبائلوں پر راکٹ سے حملہ کرنے کے بعد شدید فائرنگ کی تھی۔
دونوں پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے اور ڈاکوؤں کی جانب سے ان پولیس موبائلوں پر راکٹ مارنے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔
اس سے اگلے روز صادق آباد کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے پولیس وین پر حملے کے بعد پنجاب پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم بشیر شر کو ہلاک کردیا تھا۔