لاہور: کچے کے خطرناک ڈاکوؤں کے سر کی قیمت 10 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کردی گئی
حکومت پنجاب نے سندھ اور پنجاب کے کچے کے بڑے علاقے میں کارروائی کرنے والے خطرناک ڈاکوؤں کے سر کی مقررہ قیمت 10 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کردی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے کچے کے 20 خطرناک ڈاکوؤں کے نام، ان کی تصاویر اور سر کی قیمت جاری کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہد، مجیب، وہابہ، غنی بخش احمر عرف شوبی، احمد، عطا اللہ، سبز علی، قبول مطلوب ڈاکو ہیں، مطلوب ڈاکوؤں میں میرا، دریجن، گورا، ثنا اللہ، تنویر اور راہب شر شامل ہیں۔
ان کے علاوہ عمر شر ولد ساون، ظہور ولد اکبر، مور زادہ ولد عبداللہ، گل حسن ولد عالم اور صداری ولد مراد مطلوب ڈاکوؤں میں شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈاکوؤں کے بارے میں خفیہ اطلاع دینے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کے واٹس ایپ نمبر 03334002653 پر رابطہ کریں، اطلاع دہندہ کا نام ہر صورت صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو روز صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔
صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے دو پولیس موبائلوں پر راکٹ سے حملہ کرنے کے بعد شدید فائرنگ کی تھی۔
دونوں پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے اور ڈاکوؤں کی جانب سے ان پولیس موبائلوں پر راکٹ مارنے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔
اس سے اگلے روز صادق آباد کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے پولیس وین پر حملے کے بعد پنجاب پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم بشیر شر کو ہلاک کردیا تھا۔