اسلام آباد: موٹروے کے قریب گاڑی سے 5 افراد نیم بے ہوش حالت میں برآمد، دوران علاج 4 جاں بحق
اسلام آباد موٹروے پر بھیرا کے قریب کھڑی گاڑی سے 5 افراد نیم بے ہوش حالت میں بر آمد ہوئے ہیں تاہم ان میں سے 4 افراد دوران علاج جاں بحق ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ تمام افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فل فور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرا پہنچا دیا گیا جہاں دوران علاج 4 افراد جاں بحق ہوگئے اور ایک تاحال مریض بے ہوش ہے۔
ترجمان کے مطابق دوران پیٹرولنگ موٹروے پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک گاڑی سڑک کے کنارے کھڑی ہے، موٹروے پولیس جب گاڑی کے قریب پہنچی تو گاڑی میں 5 افراد نیم بے ہوشی کی حالت میں موجود تھے۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ تمام افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فل فور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرا پہنچا دیا گیا، تاہم ہسپتال میں دوران علاج 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان پولیس نے کہا ہے کہ تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو کہ لاہور کے رہائشی ہیں، یہ افراد لاہور سے اسلام آباد کی جانب سفر کر رہے تھے، ڈاکٹروں کے مطابق اموات کی وجہ فوڈ پوائزننگ ہو سکتی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن پھلروان کا عملہ بھی ہسپتال پہنچ گیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق موٹروے ایم 2 پر بھیرہ کے قریب کھڑی گاڑی میں فیملی کی تین خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے جبکہ درائیور بے ہوش ہے، بد قسمت فیملی کے جاں بحق افراد کی شناخت 25 سالہ ثمر ، 55 سالہ رومیلہ ، 30 سالہ مہر اور 3 سالہ بچہ عون علی کے نام سے ہوئی ہے۔