صادق آباد: پولیس حملے کا مرکزی ملزم جوابی کارروائی میں مارا گیا
صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے پولیس وین پر حملے کے بعد پنجاب پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم بشیر شر کو ہلاک کردیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق رات گئے جاری پولیس آپریشن میں کچے کے ایریا کا خطرناک ڈاکو بشیر شر کیفر کردار تک پہنچ گیا، بشیر شر گزشتہ روز پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے مرکزی ملزمان میں شامل تھا۔
انسپکٹر جنرل پنجاب نے بتایا کہ ڈاکو بشیر شر کے دو ساتھی ڈاکو نصیر اور گدی کوش عرف مینا شدید زخمی ہوگئے ہیں، واقعہ میں ملوث ڈاکوؤں کے قلع قمع کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے، پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں کم از کم 11 پولیس اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔
صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے دو پولیس موبائلوں پر راکٹ سے حملہ کرنے کے بعد شدید فائرنگ کی۔
دونوں پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے اور ڈاکوؤں کی جانب سے ان پولیس موبائلوں پر راکٹ مارنے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔
پولیس اہلکار کچے میں ڈیوٹی کے بعد واپس آرہے تھے کہ حملہ کردیا گیا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے۔
حملے میں شہید اہلکاروں کی لاشیں شیخ زید ہسپتال منتقل کردی گئیں اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی تھیں۔