• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا حملہ، 11 پولیس اہلکار شہید

شائع August 22, 2024 اپ ڈیٹ August 23, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں کم از کم 11 پولیس اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے دو پولیس موبائلوں پر راکٹ سے حملہ کرنے کے بعد شدید فائرنگ کی۔

دونوں پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے اور ڈاکوؤں کی جانب سے ان پولیس موبائلوں پر راکٹ مارنے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔

پولیس اہلکار کچے میں ڈیوٹی کے بعد واپس آرہے تھے کہ حملہ کردیا گیا جس کے نتیجے میں 11 اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے۔

حملے میں شہید اہلکاروں کی لاشیں شیخ زید ہسپتال منتقل کردی گئیں اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کی دو گاڑیاں ہفتہ وار ڈیوٹی کرکے واپس آ رہی تھیں کہ ایک گاڑی خراب ہو گئی اور اچانک راکٹوں سے حملہ کردیا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ وہ سینئر افسران سمیت رحیم یار خان روانہ ہو گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے واقعے میں 9 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں کئی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیکریٹری داخلہ اور آئی جی کو فوری طور پر کچے کے علاقے میں پہنچ کر حملہ آوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کردی اور آئی جی پنجاب سے واقعے کی فوری رپورٹ بھی طلب کر لی۔

وزیر اعظم اور صدر مملکت کی مذمت

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان میں پولیس کے قافلے پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےکچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی اور حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔

انہوں نےحملے میں پولیس کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر کچے کے ڈاکوئوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں پولیس پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 11 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے زخمی پولیس اہلکاروں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہادت کا بلند رتبہ پانے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی رحیم یار خان میں پولیس موبائلوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اہلخانہ سے تعزیت بھی کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024