• KHI: Maghrib 6:34pm Isha 7:50pm
  • LHR: Maghrib 6:06pm Isha 7:27pm
  • ISB: Maghrib 6:11pm Isha 7:35pm
  • KHI: Maghrib 6:34pm Isha 7:50pm
  • LHR: Maghrib 6:06pm Isha 7:27pm
  • ISB: Maghrib 6:11pm Isha 7:35pm

کارساز حادثہ کیس میں ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، گورنر سندھ

شائع August 22, 2024
فائل فوٹو : ڈان نیوز
فائل فوٹو : ڈان نیوز

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کارساز حادثے میں ناانصافی نہیں ہونے دیں گے اور اگر انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آیا تو بحیثیت گورنر متاثرہ خاندان کے ساتھ عدالت جاؤں گا۔

ڈان نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کارساز حادثے میں جاں بحق باپ بیٹی کے گھر جا کر لواحقین سے تعزیت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ دو جانیں چلی گئیں، ہمیں انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے، کوئی بھی طاقتور ہو وہ اللّٰہ سے نہیں بچ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنا گزر بسر کسی کے آگے ہاتھ پھیلائے بغیر کررہے تھے، اگر انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آیا تو بحیثیت گورنر ان کے ساتھ عدالت جاؤں گا۔

گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کروں گا آپ بھی اس کیس کو مانیٹر کریں، کہیں انصاف ہوتے ہوتے رہ نہ جائے۔

واضح رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوئے تھے، پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

کارساز حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جبکہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے تھے، عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ جیپ چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھی۔

حادثے کے بعد مشتعل افراد نے خاتون ڈرائیور کو گھیرا تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر جیپ چلانے والی خاتون نتاشا کو حراست میں لے لیا تھا۔

مبینہ طور پر نشہ کرکے گاڑی چلانے کی تصدیق کے لیے زیر حراست خاتون کا جناح ہسپتال میں طبی معائنہ بھی کرایا گیا تھا۔

بعد ازاں اسی روز کراچی کے علاقے کارساز کے قریب ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 17 ستمبر 2024
کارٹون : 16 ستمبر 2024