• KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:51pm
  • LHR: Zuhr 11:57am Asr 4:22pm
  • ISB: Zuhr 12:02pm Asr 4:27pm
  • KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:51pm
  • LHR: Zuhr 11:57am Asr 4:22pm
  • ISB: Zuhr 12:02pm Asr 4:27pm

اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کا کیس، سماعت کل تک ملتوی

شائع August 22, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مقدمے کی سماعت کی، درخواست گزار اظہر مشوانی کے والد کے وکیل عدالت کے سامنے پیش ہوئے، اس کے علاوہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ اظہر مشوانی کے دونوں بھائی جون سے لاپتا ہیں، میں اس کیس کو مختلف طریقے سے پروسیڈ کروں گا، میں ایگزیکٹو نہیں جوڈیشل سائیڈ پر ہوں۔

اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے متعلقہ حکام سے ہائی لیول پر رابطہ کیا ہے، عدالت نے وکیل درخواستگزار سے استفسار کیا کہ کیا آپ سے کوئی رابطہ ہوا ؟ وکیل نے جواب دیا کہ ابھی ہم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو ان کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کریں، میں کل کے لیے کیس پر دلائل سنوں گا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

لاپتا کارکن فیضان کی بازیابی کا کیس

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے لاپتا کارکن کی بازیابی کے کیس کی سماعت وکیل درخواست گزار بابر اعوان اور اٹارنی جنرل کی عدم دستیابی کے باعث کل تک ملتوی کردی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ میں کل کے لیے کیس پر دلائل سنوں گا۔

یاد رہے کہ 20 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج طلب کرلی تھی۔

یاد رہے کہ 15 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست میں سیکرٹری دفاع کو 20 اگست کو دوبارہ طلب کر لیا تھا۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے درکواست کو نمٹانے کے بعد اظہر مشوانی کے والد نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی تھی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ اظہر مشوانی کو واٹس ایپ کال آئی ہے کہ مغوی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے پاس ہیں، چونکہ مغوی وفاقی ایجنسیوں کی حراست میں ہیں، لہذا ہم درخواست واپس لیتے ہیں۔

واضح رہے کہ 20 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لاپتا کارکن فیضان کی بازیابی کا کیس اٹارنی جنرل کے سامنے رکھنے کی ہدایت کردی تھی۔

یاد رہے کہ 15 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لاپتا کارکن فیضان کی بازیابی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آئین کو تبدیل کردیں، بنیادی حقوق اس میں سے نکال دیں اور ملک کو اسی طرح چلائیں۔

21 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹس اور ان کے قریبی رشتہ داروں کے اغوا کی جانب اعلیٰ عدالتوں کی توجہ دلانے کے لیے سوشل میڈیا مہم کا آغاز کیا تھا۔

پارٹی نے اپنے 10 سوشل میڈیا کارکنوں کی تصاویر پوسٹ کی تھیں جن میں بین الاقوامی میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ، پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر ملک رضوان احمد اور ان کے بھائی ملک نعمان احمد، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عطا الرحمن، فرید ملک، ملک فیضان اور مدثر چوہدری، پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے بھائی غلام شبیر، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اظہر مشوانی کے بھائی ظہور مشوانی اور مظہر مشوانی شامل تھے۔

کارٹون

کارٹون : 17 ستمبر 2024
کارٹون : 16 ستمبر 2024